آنے والا دور نواز لیگ کا ہے، آئندہ وزیراعظم شاہ غلام قادر ہوں گے۔فرقان گردیزی

پیر 7 جولائی 2025 17:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سید فرقان گردیزی نے کہا ہے کہ شکست خوردہ عناصر نے انتخابات سے قبل ہی چیخ و پکار شروع کر دی ہے اور آنے والے انتخابات میں متوقع شکست کے خوف سے وفاقی حکومت پر قبل از وقت دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکومت پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام دراصل ان کی مایوسی اور غیر یقینی سیاسی مستقبل کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم میں اتحاد و اتفاق ہے اور قیادت میں صدر جماعت شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق، سینئر نائب صدر راجہ مشتاق منہاس، اور سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی شامل ہیں جن کی شب و روز محنت سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اندر ایک ناقابل شکست قوت بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

سید فرقان گردیزی نے مزید کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ وزیراعظم شاہ غلام قادر ہوں گے، جو میاں محمد نواز شریف کے ویژن اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں آزاد کشمیر کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ان شاء اللہ کارکردگی کی بنیاد پر 2026 کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور آزاد کشمیر کو ایک مثالی خطہ بنایا جائے گا۔انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر شک ہے تو وہ خیبر پختونخوا اور سندھ کا دورہ کرے اور پھر پنجاب کا دورہ کرے، تو خود بخود تعمیر و ترقی کا فرق نمایاں ہو جائے گا۔