چیف الیکشن کمشنر کی اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کو غلط رنگ دیا جارہا ہے، ترجمان

چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں،ادارہ کسی دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آتا، اعلامیہ

پیر 7 جولائی 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان نے ادارے پر لگائے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سیاسی رابطوں کو ضابطے کے مطابق قرار دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے چیف الیکشن کمشنر کی حالیہ ملاقات کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، الیکشن کمیشن کے تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق کیے جاتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ کسی دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آتا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے چیف الیکشن کمشنر کی حالیہ ملاقات کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے جبکہ ماضی میں بھی کئی سیاسی و آئینی شخصیات، بشمول سابق صدر مملکت عارف علوی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سے اسی نوعیت کی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز میں صاحبزادہ محمد حامد رضا کا یہ دعویٰ بھی مسترد کیا گیا ہے کہ انہیں سنی اتحاد کونسل کا امیدوار تسلیم نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق، انہوں نے نہ پارٹی ٹکٹ جمع کرایا اور نہ ہی اتحاد کی قانونی حیثیت ثابت کی، اس لیے انہیں ضابطے کے تحت آزاد امیدوار قرار دیا گیا۔