ایم کیو ایم پاکستان کا نمائش چورنگی پرعزاداران حسین کیلئے سبیلِ امام حسین اور طبی امدادی کیمپ کاانعقاد

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،سینئرمرکزی رہنما سید امین الحق و دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ یوم عاشور پر کراچی کے مرکزی جلوس عزا میں شرکت

پیر 7 جولائی 2025 19:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق و دیگر مرکزی رہنماں کے ہمراہ یوم عاشور کے موقع پر کراچی کے مرکزی جلوس عزا میں شرکت کی، جہاں انہوں نے علمائے کرام اور منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور ایم اے جناح روڈ پر قائم ایم کیو ایم پاکستان کے سبیل و طبی کیمپ کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کربلا کا پیغام یہ ہے کہ حق و باطل کی لڑائی میں فتح ہمیشہ سچائی کی ہوتی ہے، نیزوں پر لہرائے گئے سر آج بھی سربلند ہیں اور باطل کے جشن ماند پڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین اور ان کے اہلِ بیت کی قربانیاں تاریخ اسلام کا وہ روشن باب ہیں، جو رہتی دنیا تک انسانیت کو صبر، استقامت اور حق گوئی کا سبق دیتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ میدانِ کربلا میں خانوادئے رسولؓ نے نہ صرف حق کے لیے قربانی دی بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ کٹھن ترین حالات میں بھی نماز کو ترک نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر نیت خالص اور موقف برحق ہو تو اقلیت میں ہونے کے باوجود ظالم کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق کا علم بلند کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے امدادی کیمپ میں زخمی عزاداروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ان کی مرہم پٹی بھی کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق، مرکزی رہنماں اشرف علی،ارشاد ظفیر، مسعود محمود، زاہد منصوری، سی او سی کے انچارج فرقان اطیب و اراکین سی او سی، رکن قومی اسمبلی حسان صابر، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ممبر سندھ اسمبلی طحہ احمد خان ,ممبر صوبائی اسمبلی فیصل رفیق، ممبر صوبائی اسمبلی عامر صدیقی و دیگر اسمبلی اراکین، مرکزی میڈیکل ایڈ کمیٹی انچارج و اراکین، ذمہ داران و کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔