کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں دو ہزار500 روپے کی کمی ہوگئی

24 قیراط سونے کی قیمت کم ہوکر 3 لاکھ 53 روپے کی سطح پر آگئی ہے، 10گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 143 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 جولائی 2025 20:18

کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں دو ہزار500 روپے کی کمی ہوگئی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 جولائی 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، لیکن آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت کم ہو گئی ہے۔

آج سونے کی قیمت میں دو ہزار500 روپے کمی ہوگئی ہے، فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 53 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 143 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ دس گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 2 ہزار 640 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 25 ڈالر کم ہوکر 3 ہزار 310 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ہے ۔

 
دوسری جانب پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 25 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 284 روپے 21 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 75 روپے 78 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 753 روپے 94 پیسے رہی۔

اسی طرح عمانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 738 روپے 23 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 930 روپے 95 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 97 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 285 روپے 50 پیسے اور قیمت فروخت 286 روپے 65 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ مزید برآں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں، ہمیں موقع سے فائدہ اٹھا کر پائیدار معیشت کی جانب گامزن ہونا ہوگا۔