غزہ سیز فائر میں کوئی رکاوٹ نہیں، ٹرمپ کی نیتن یاھو سے ملاقات میں گفتگو

غزہ جنگ بندی پر حماس سے پیش رفت کی امید، ایران پر پابندیاں اٹھانے کا امریکی عندیہ

منگل 8 جولائی 2025 10:35

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو سے وائٹ ہائوس میں ایک نجی عشائیے پر ملاقات کی۔ ملاقات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ غزہ میں حماس جنگ بندی کی خواہش مند ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہ آیا غزہ میں جاری جھڑپیں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات کو متاثر کریں گی، ٹرمپ کا کہنا تھاکہ وہ (حماس)ملاقات اور جنگ بندی چاہتی ہے۔

اس موقع پر بنجمن نیتن یاھو نے کہا کہ اسرائیل، امریکہ کے ساتھ مل کر ایسے ممالک کی تلاش میں ہے جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے میں مددگار ہوں۔ایک اور پیش رفت میں نیتن یاھو نے صدر ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا اور اس حوالے سے لکھے گئے خط کی نقل بھی امریکی صدر کو پیش کی۔

(جاری ہے)

نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایک ایک کر کے ملکوں اور خطوں میں امن کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

اس ملاقات سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو ویٹکوف سے بھی دو علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں وائٹ ہاس کے قریب واقع صدارتی مہمان خانے بلئیر ہاس میں ہوئیں۔ منگل کو نیتن یاھو کی امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں کے رہنماں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ادھر اسرائیلی حکام اور حماس کے درمیان دوحہ میں قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی کے لیے امریکہ کی ثالثی میں بالواسطہ بات چیت جاری ہے۔

نیتن یاھو نے امریکہ روانگی سے قبل امید ظاہر کی تھی کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات ان مذاکرات میں پیش رفت کا باعث بنے گی۔یہ نیتن یاھو کا جنوری میں صدر ٹرمپ کی واپسی کے بعد وائٹ ہاس کا تیسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر نے گذشتہ ماہ ایران کے جوہری ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا حکم دے کر اسرائیل کی عسکری کارروائیوں میں عملی حمایت فراہم کی تھی۔

اسی جنگ کے بعد فریقین کے درمیان 12 روزہ لڑائی کے خاتمے کے لیے جنگ بندی میں بھی ٹرمپ نے کردار ادا کیا۔صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ وہ ایران پر عائد سخت امریکی پابندیاں مناسب وقت پر ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ میں چاہتا ہوں کہ مناسب وقت پر یہ پابندیاں ختم کی جائیں اور ایران کو ازسرِنو خود کو پرامن طریقے سے تعمیر کرنے کا موقع دیا جائے۔صدر نے مزید کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ ایران از خود دوبارہ ایک مضبوط مگر پرامن ریاست کے طور پر ابھرے۔