Live Updates

موسلادھار بارش؛ تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے سے سیلابی صورتحال، دیہات کا زمینی راستہ بند

این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا، وزیراعظم کی این ڈے ایم اے اور انتظامیہ کو ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 جولائی 2025 12:01

موسلادھار بارش؛ تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے سے سیلابی صورتحال، دیہات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی 2025ء ) ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور کئی دیہات کا زمینی راستہ بند ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مون سون کا ہیوی سپیل جاری ہے، آج لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ بہاولپور اور لیہ میں موسلا دھار بارش ہوئی، مختلف علاقوں میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے ہر طرف جل تھل ایک ہوگیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا، قلات میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے ڈوب گئے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، ہنگو میں بھی بادل خوب برسے، ہری پور میں طوفانی بارش کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، متعدد سڑکیں آمدورفت کیلئے بند کردی گئیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ مون سون کے نئے سپیل کے بعد دریا بپھرنے لگے، ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی اس دوران تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے سے دریائے سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے باعث درجنوں دیہات کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا، ڈی جی خان کی وڈور ندی میں بڑاسیلابی ریلہ آیا، درجنوں دیہات کا تحصیل غازی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، شکرگڑھ کے قریب نالہ بیئں بپھرگیا، صوابی میں موسلادھار بارش سے سڑکیں بند ہو گئیں، بلوچستان کےعلاقے واشک کی ندی میں بھی طغیانی آگئی۔

بتایا جارہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے، این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا ہے، ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے این ڈے ایم اے اور انتظامیہ کو ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات