Live Updates

بلاول بھٹو زر داری کا ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے مربوط واقعات میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

منگل 8 جولائی 2025 19:33

بلاول بھٹو زر داری کا ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے مربوط واقعات میں ..
کراچی / اسلام آباد / لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے مربوط واقعات میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوًس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے بارش کے دوران حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ واشک، آوران، جھل مگسی، خضدار، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، کوہلو، لورالائی، ڑوب اور شیرانی سمیت بلوچستان کے بارش متاثر اضلاع میں نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پروونشنل ڈزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی مِل کر امدادی سرگرمیاں شروع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ، بونیر، مانسہرہ اور کرک سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش متاثرین کی امداد کے لیے بھی فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور متعلقہ ادارے ملک میں مون سون کے دوران ممکنہ تیز بارش اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام کو بھی اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران گھروں سے غیر ضروری نکلنے سے اجتناب اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث کٴْرہِ ارض کا درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور جس کی وجہ سے پاکستان کو غیر متوقع موسموں اور منفی اثرات کو جھیلنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی انحطاط کے بڑھتے ہوئے اثرات کی روکتھام کے لیے دنیا کو اب الفاظ نہیں، وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات