شہید برہان مظفر وانی کی نویں برسی کے موقع پر ڈویژنل ہیڈکوارٹر راولاکوٹ میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی

منگل 8 جولائی 2025 22:49

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء)شہید برہان مظفر وانی کی نویں برسی کے موقع پر ڈویژنل ہیڈکوارٹر راولاکوٹ میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی، وکلاء، اساتذہ، طلباء اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی آزادی، بھارتی مظالم کے خلاف مزاحمت اور اقوامِ عالم سے مسئلہ کشمیر کے حل کی اپیلوں پر مبنی نعرے درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نوجوان حریت پسند برہان وانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج نے انہیں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کیا بلکہ دنیا کے سامنے کشمیری عوام کی آواز بن کر ابھرا۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ برہان وانی کا جرم صرف یہ تھا کہ اس نے ہندوستانی فوج کے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کیا اور آزادی کی جدوجہد کا علم بلند کیا۔

خطاب میں کہا گیا کہ بھارت بزورِ طاقت کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبا نہیں سکتا، آئے روز نوجوان شہید کیے جا رہے ہیں لیکن کشمیری عوام اپنے مشن سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ریلی کے اختتام پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی ترقی استحکام و سالمیت شہداء کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی