سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے آبی تحفظ کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے،مقررین کا سیمینار سے خطاب

منگل 8 جولائی 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے آبی تحفظ کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے، موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافہ اور پانی کا غیر مؤثر استعمال پاکستان میں پانی کے بحران کی وجوہات ہیں، ہمیں قابلِ تجدید توانائی کو فروغ اور زرعی طریقوں کو پانی کے لحاظ سے پائیدار بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے اسلام آباد میں’’پاکستان میں پانی کا بحران اور اس کا حل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کا انعقاد پاکستان انجینئرز فورم نے کیا تھا۔ سیمینار میں پاکستان میں پانی کے بحران کے انجینئرنگ کے ذریعے حل پر تکنیکی گفتگو کی گئی۔متبادل توانائی ڈویلپمنٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسرانجینئر ڈاکٹر بشارت حسن بشیر نے کہا کہ پانی کی قلت سے خوراک اور توانائی دونوں متاثر ہوتے ہیں، ہمیں قابلِ تجدید توانائی، خاص طور پر ہائیڈرو پاور، کو فروغ دینا ہوگا اور زرعی طریقوں کو پانی کے لحاظ سے پائیدار بنانا ہوگا تاکہ ترقی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

سابق سی ای او پیڈو خیبر پختونخوا نعیم خان نے کہا کہ اس وقت موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافہ اور پانی کے غیر مؤثر استعمال کی وجہ سے پاکستان شدید پانی کے بحران سے دوچار ہے جس کے حل کیلئے ہمیں مربوط واٹر مینجمنٹ اپنانا ہوگا اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ سابق ڈائریکٹر پی سی آر ڈبلیو آر ڈاکٹر منظور احمد ملک نے کہا کہ پانی کے وسائل کا مؤثر استعمال بے حد ضروری ہے، ہمیں پانی بچانے والی ٹیکنالوجیز کو رائج کرنا ہوگا، زرعی نظام کو پانی کے لحاظ سے مؤثر بنانا ہوگا اور آلودگی سے پانی کے ذرائع کو محفوظ رکھنا ہوگا۔

ہائیڈرو پاور کے ماہر انجینئر ارشد ایچ عباسی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے آبی تحفظ کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے، ہمیں بین الاقوامی سطح پر اپنا مؤقف مضبوط کرنا ہوگا اور بھارت کے ساتھ پانی کے حقوق پر سنجیدہ مذاکرات کرنے ہوں گے۔ پاکستان انجنیئرنگ فورم کے اسلام آباد کے صدر انجینئر نعیم سبحانی نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کے پانی کے بحران کا انجینئرنگ زاویے سے جائزہ لیں گے، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر بحران کا حل تلاش کیا جانا چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیمینار کا مقصد مؤثر پانی کے انتظام کی اہمیت اجاگر کرنا اور جدید حل تلاش کرنا ہے،پاکستان انجنیئرنگ فورم پنجاب شمالی کے صدر انجینئر عبدالمجید شاہ نے تمام معزز مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔