بلاول بھٹو زرداری بہت جلد وزیراعظم بن کر پاکستانی معیشت کو مستحکم کریں گے،ریاض کوہمروی

بدھ 9 جولائی 2025 16:52

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے نائب صدر ریاض کوھمروی نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بہت جلد وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان بن کر پاکستانی معیشت کو مستحکم کریں گے پیپلزپارٹی نے ہر دور حکومت میں اقتصادی اور معاشی ترقی کے لئے کام کیا ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرے گی،موجودہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے قومی معیشت کو نقصان پہنچایا،پاکستان پیپلز پارٹی قومی اداروں کو ساتھ لے کر ملکی خوشحالی کے منصوبوں کو مکمل کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ہی نوجوانوں کے پسندیدہ لیڈر ہیں جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہو گئی ہے وہ یہ سمجھ لیں کہ وفاق کی زنجیر صرف پیپلزپارٹی ہے ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قربانیاں دیتے رہیں گے اب آگے ملک کے مستقبل کی کمان بلاول بھٹو زرداری سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عوام چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم پاکستان کی کرسی پر جلد بٹھائیں گے روٹی،کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامہ ہم پہنائیں گے۔

ہم کل بھی شہید بھٹو اور شہید بی بی کے ساتھ تھے اور آخری دم تک پیپلز پارٹی کے ساتھ رہیں گے پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں پیپلزپارٹی اس جماعت کا نام ہے جو کبھی ختم ہونے والی نہیں ہے۔