یوکرین: یو این ادارے کی جنگ سے متاثرہ 40 ہزار گھروں کی مرمت میں معاونت

یو این بدھ 9 جولائی 2025 19:45

یوکرین:  یو این ادارے کی جنگ سے متاثرہ 40 ہزار گھروں کی مرمت میں معاونت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 جولائی 2025ء) پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ (یو این ایچ سی آر) یوکرین میں جنگ سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ان کے تباہ شدہ گھروں کی مرمت میں مدد دے رہا ہے۔ اس کام میں ادارے کو ملکی حکومت اور شراکت داروں کا تعاون بھی میسر ہے۔

جولائی 2022 میں اس پروگرام کے آغاز سے اب تک 40 ہزار سے زیادہ گھروں کی مرمت مکمل کی جا چکی ہے جس کے بعد خاندان واپس آنے اور اپنے گھروں میں دوبارہ زندگی شروع کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔

Tweet URL

اس پروگرام کے لیے اب تک 11 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جو کہ یوکرین میں 'یو این ایچ سی آر' کے رہائش سے متعلق وسیع تر امدادی اقدامات کا اہم حصہ ہے۔

(جاری ہے)

مرمت کا طریقہ کار

یہ پروگرام ابتدائی طور پر دارالحکوم کیئو، سومے اور چرنیئو میں حملہ آور روسی افواج کو پیچھے دھکیلنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس کا دائرہ کار ان علاقوں تک بھی بڑھا دیا گیا جن پر یوکرین کی حکومت نے اپنی عملداری دوبارہ قائم کر لی تھی۔ ان میں خارکیئو، کیرسون، میکولائیوو، نیپرو اور اوڈیسا شامل ہیں۔

'یو این ایچ سی آر' مختلف طریقوں سے مکانات کی مرمت میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ان میں مقامی ٹھیکیداروں کے ذریعے مرمت، اگر گھر کے مالکان خود مرمت کرانا چاہیں تو انہیں تعمیراتی سامان کی فراہمی یا مرمت کے لیے نقد امداد مہیا کرنا شامل ہے۔ مرمت کے کام میں چھتوں، کھڑکیوں اور دروازوں کی تبدیلی اور سردی سے بچاؤ کے لیے انسولیشن شامل ہوتی ہے۔

بعض مکانات میں بڑے پیمانے پر مرمت کا کام بھی کیا جاتا ہے۔ ادارہ کثیر المنزلہ عمارتوں کے مشترکہ حصوں کی مرمت میں بھی مدد فراہم کرتا ہے، جس کے لیے مکین سرکاری ای ویڈنولینا معاوضہ پروگرام کے تحت مالی امداد کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

بحالی کی لازمی ضرورت

حالیہ تخمینے کے مطابق، یوکرین بھر میں فروری 2022 سے اب تک 13 فیصد مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جس سے تقریباً 25 لاکھ خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

بڑے پیمانے کی تباہی کے پیش نظر لوگوں کو رہائش کی فراہمی یوکرینی حکومت کی بحالی سے متعلق ترجیحات میں شامل ہے۔ ادارے کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدم تحفظ اور بے روزگاری کے بعد مناسب رہائش کی عدم دستیابی بے گھر افراد کی واپسی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

یوکرین میں 'یو این ایچ سی آر' کی نمائندہ، کیرولائنا لنڈ ہوم بلنگ کے مطابق، گھروں کی مرمت محض اینٹوں اور چھتوں کی مرمت نہیں بلکہ انسانی وقار، تحفظ اور وابستگی کی بحالی بھی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کئی خاندانوں کے لیے یہ ایسا پہلا ٹھوس قدم ہے جو انہیں بہتر مستقبل کی امید دیتا ہے۔

تعمیر و مرمت کی آن لائن تربیت

'یو این ایچ سی آر' دیرپا مرمت ہی نہیں بلکہ حملوں کے بعد ہنگامی رہائش کے لیے درکار سامان فراہم کرنے والا سب سے بڑا امدادی ادارہ بھی ہے۔ روسی حملے کے آغاز سے اب تک تقریباً چار لاکھ 70 ہزار افراد کو ترپالیں، لکڑی، کیل اور دیگر تعمیراتی مواد مہیا کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے گھروں کی فوری مرمت کر سکیں۔

مزید برآں، ادارے نے بین الاقوامی شراکت داروں اور پرومیتھیوس پلیٹ فارم کے تعاون سے دو آن لائن کورس بھی تیار کیے ہیں۔ یہ کورس مفت فراہم کیے جاتے ہیں جن کے ذریعے لوگ بنیادی نوعیت کی مرمت، توانائی کی بچت اور گھروں میں سردی سے بچاؤ کے طریقے اپنانے کے حوالے سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔

پائیدار اور سستے گھروں کی ضرورت

یوکرین میں بے گھر افراد کی بڑی تعداد اب بھی سستے اور پائیدار گھروں کی تلاش میں ہے۔

ان میں سے 52 فیصد وہ لوگ ہیں جو روس کے مستقل یا عارضی قبضے والے علاقوں سے نقل مکانی کر کے آئے اور اب انہیں واپس جانے کی کوئی امید نہیں ہے۔ ادارہ رہائش گاہوں کی تعمیرنو، دیہی گھروں کی مرمت، اور اجتماعی مراکز کی بہتری کے ذریعے ایسے بے گھر افراد کو رہائش کا مستقل حل فراہم کر رہا ہے۔

'یو این ایچ سی آر' کے اس پروگرام کا مقصد محض رہائشی عمارتوں کی بحالی نہیں بلکہ لوگوں کو تحفظ، استحکام اور وقار کی طرف لوٹانے کی کوشش بھی ہے۔ ادارہ ہزاروں گھروں کی مرمت اور متواتر امدادی سرمایہ کاری کے ذریعے یوکرین میں انسانی بحالی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔