شہدائے اردو نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے زبان اور ثقافت کو تحفظ فراہم کیا، رہنما ایم کیو ایم حیدر عباس رضوی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام شہدائے اردو کے ایصال ثواب کیلئے لیاقت آباد 10 نمبر پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

بدھ 9 جولائی 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام لیاقت آباد نمبر 10 پر شہدا اردو کی برسی کے موقع پر انکے مزار پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر رہنما سید حیدر عباس رضوی، حق پرست رکن قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی، مسعود محمود، مرکزی رہنما اشرف علی، عبدالقادر خانزادہ، زاہد منصوری، مہاجر رابطہ کونسل کے صدر قہر بندھانی و اراکین کمیٹی، مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنمابھی موجود تھے، بعد ازاں میڈیا نمائندہ گان سے گفتگو کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ 8 جولائی 1972 کو سندھ اسمبلی کے لسانی بل کے خلاف ''اردو کو جنازہ ہے ذرا دھوم سے نلکی'' کا نعرہ لگاتے ہوئے لیاقت آباد کے مہاجروں نے حکمرانوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جسکی پاداش میں انہیں شہید کر دیا گیا، شہدائے اردو نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے زبان اور ثقافت کو تحفظ فراہم کیا، آج ہم یہاں انکی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اردو زبان اور مہاجروں کی ثقافت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔