Live Updates

مالی سال 2025 میں پاکستان کی معاشی کارکردگی میں نمایاں استحکام، ترقیاتی منصوبوں میں ریکارڈ پیش رفت

جمعرات 10 جولائی 2025 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) مالی سال 2025 کے اختتام پر پاکستان کی مجموعی معاشی کارکردگی نے عالمی اقتصادی چیلنجز کے باوجود لچک اور بہتری کا مظاہرہ کیا۔ گزشتہ سال ملکی معیشت میں 2.7 فیصد کی شرح سے ترقی ہوئی جبکہ مہنگائی کی اوسط شرح گھٹ کر 4.5 فیصد پر آ گئی جو مالی سال 2016 کے بعد کم ترین سطح ہے۔مضبوط مالیاتی نظم و ضبط کے نتیجے میں بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 3.7 فیصد تک محدود رہا۔

اس کارکردگی کی بنیاد ریکارڈ ٹیکس وصولیوں پر تھی جو 11,740 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔ 1.8 ارب ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس ریکارڈ کیا گیا جس میں برآمدات میں اضافہ اور ترسیلات زر کی تاریخی سطح کلیدی عوامل رہے۔ترقیاتی میدان میں بھی غیرمعمولی پیش رفت ہوئی۔ صرف جون 2025ء میں 90.4 ارب روپے مالیت کے 33 منصوبے منظور کئے گئے جبکہ 1,422.8 ارب روپے مالیت کے 19 منصوبو ں کی منظوری کے لئے ایکنک کو سفارش کی گئی ۔

(جاری ہے)

وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت وسائل کا 96 فیصد یعنی 1,045 ارب روپے موثر طور پر خرچ کیے گئے جو منصوبوں کے بروقت آغاز، بہتر مالی نظم اور شفافیت کا عکاس ہے۔ صرف مئی کے مہینے میں اخراجات میں 891 ملین روپے کی بچت ممکن ہوئی۔ ترقیاتی سرمایہ کاری کے نمایاں شعبہ جات جن میں توانائی: 500 ارب روپے سے زائد،ٹرانسپورٹ: حیدرآباد-سکھر موٹروے (395 ارب روپے)، ایسٹ بے ایکسپریس وے (301 ارب روپے)تعلیم: 17 منصوبے، 43 ارب روپے،صحت: 25.5 ارب روپے،پانی: ڈیرہ بگٹی میں غنڈ ڈیم کے لئے 6.4 ارب روپے شامل ہیں ۔

ان منصوبوں سے 9,986 براہِ راست جبکہ 47,174 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔منصوبوں کی نگرانی اور جائزے کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے فیلڈ مانیٹرنگ، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشنز اور سپارکو کے ساتھ سیٹلائٹ مانیٹرنگ پر مبنی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان نے اعلیٰ سطح کی شراکت داریوں کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

ان میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ حکومتی استعداد کار میں اضافہ، چین کے ساتھ سی پیک تعاون کو وسعت دینا اور مراکش میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی اصلاحات پر عالمی اعتراف شامل ہے۔وفاقی حکومت نے اعادہ کیا ہے کہ پاکستان آنے والے برسوں میں "اڑان پاکستان" فریم ورک کے تحت برآمدات پر مبنی، جامع اور پائیدار ترقی کے سفر کو برقرار رکھے گا جس کا مقصد عوامی فلاح، معاشی خوشحالی اور عالمی مسابقت کو فروغ دینا ہے۔\395
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات