خیبرپختونخواہ سینیٹ الیکشن، ن لیگ نے جے یو آئی (ف) کومل کر الیکشن لڑنے کی پیشکش کر دی

فضل الرحمان نے ن لیگ کو پیپلزپارٹی سے بھی مشاورت کا مشورہ اور حکومتی تجویز پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرا دی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 جولائی 2025 17:11

خیبرپختونخواہ سینیٹ الیکشن، ن لیگ نے جے یو آئی (ف) کومل کر الیکشن لڑنے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی 2025)مسلم لیگ ن نے جے یو آئی (ف) کو خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی پیشکش کر دی، مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کو پیپلزپارٹی سے بھی مشاورت کا مشورہ اور حکومتی تجویز پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرا دی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ۔

سینیٹ انتخابات کے پیش نظر ن لیگ کے وفد نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی ہے جس میں خیبر پختونخوا ہ میں انتخابی تعاون پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وفد کی قیادت پارٹی رہنما رانا ثناء اللہ نے کی۔مسلم لیگ ن کے وفد کی مولانافضل الرحمان سے ملاقات کا ایجنڈہ خیبرپختونخوا ہ سے سینیٹ کی نشستوں پر انتخابی اتحاد تھا۔

(جاری ہے)

رہنماء ن لیگ رانا ثناء اللہ نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو مل کر سینیٹ الیکشن لڑنے کی پیشکش کی۔ ن لیگ کا مؤقف تھا کہ اگر ہم مل کر الیکشن لڑیں تو زیادہ نشستیں نکال سکتے ہیں۔ملاقات کے دوران سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے تاکہ ایک وسیع تر انتخابی اتحاد قائم کیا جا سکے۔

اس پر حکومتی وفد کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بھی بات چیت جاری ہے تاہم جے یو آئی کو اعتماد میں لینا اولین ترجیح تھی۔خیال رہے کہ خیبرپختونخوا ہ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی جانچ پڑتال، اپیلوں اور حتمی فہرست کے بعد باقاعدہ پولنگ شیڈول کے مطابق ہو گی۔

سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان ووٹ کاسٹ کریں گے۔سینٹ میں خیبرپختونخوا ہ کی خالی نشستیں 11 تھیں جن میں جنرل کی 7 نشستوں پر 16،  ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر 6 اور خواتین کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار میدان میں اتریں گے۔ خواتین کی نشستوں کیلئے چار اور ٹیکنو کریٹ کیلئے 6 امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن کاکہناتھاکہ 27 مارچ، 2024 کو بننے والی فہرست ہی حتمی تصور کی جائے گی، سینیٹ انتخابات کیلئے کوئی نئے کاغذات نامزدگی نہیں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے خرم ذیشان، فیض الرحمان، مراد سعید اور اعظم سواتی انتخابی دوڑ میں شامل تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد اور پیپلز پارٹی کے محمد طلحہ محمود بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے تھے۔اسی طرح جے یو آئی (ف) کی طرف سے دلاور خان اور عطاء الحق میدان میں تھے جبکہ آزاد امیدواروں میں آصف رفیق، اظہر قاضی مشوانی، شفقت ایاز، عرفان سلیم، فیصل جاوید، محمد وقاص آفریدی، مرزا محمد آفریدی اور نور الحق قادری شامل تھے۔