پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی دینے والے بھارت کو اپنا پانی بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا

جمعرات 10 جولائی 2025 20:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی دینے والے بھارت کو اپنا پانی بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ چین کے ڈیم منصوبے نے بھارت میں خوف کی فضا پیدا کردی ہے اور بھارتی سیاستدان اس منصوبے کا ’پانی کا ایٹم بم‘ قرار دے رہے ہیں۔ بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ پیما کھنڈو نے چین کے زیر تعمیر میگا ہائیڈرو پاور ڈیم کو بھارت کے لیے پانی کا ایٹم بم قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر چین نے اچانک پانی چھوڑ دیا تو آسام اور اروناچل کے قبائلی علاقوں میں تباہی مچ جائے گی۔

بھارتی خبر رساں ادار کو انٹرویو دیتے ہوئے پیما کھنڈو نے چین کے 137 ارب ڈالر مالیت کے یارلنگ سانگپو ڈیم منصوبے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

یہ ڈیم تبت میں دریائے یارلنگ سانگپو پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جو کہ دنیا کا سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ ہوگا اور اس سے 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف ہے۔سندھ طاس معاہدے کو پیروں تلے روندنے والے بھارت کے سیاستدان کھنڈو کا کہنا تھا کہ چین نے پانی کی بین الاقوامی تقسیم کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے، اور یہی بھارت کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چین نے پانی ذخیرہ کرکے اچانک چھوڑا تو آسام اور اروناچل پردیش کے قبائل، خاص طور پر آدی قبیلہ، بری طرح متاثر ہوں گے۔