بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے
اگلے 6 سال میں نیٹ میٹر صارفین کے باعث دیگر صارفین پر 3 ہزار ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا ، وفاقی وزیر اویس لغاری
جمعرات 10 جولائی 2025 21:35
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاہے کہ ڈسکوز کے اربوں روپے کے نقصانات کو کم کرنے میں بورڈ کی تبدیلی معاون ثابت ہوئی ہے‘بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے تاہم درست پالیسیوں سے کمی ممکن ہے‘ نیٹ میٹرنگ کو ختم نہیں کر رہے ہیں تاہم میں اصلاحات کیلئے نئی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی گئی ہے۔
(جاری ہے)
جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاکہ پریس کانفرنس کا مقصد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے حجم، اخراجات اور ریکوری کو سامنے رکھنا ہے انہوں نے کہاکہ ڈسکوز سے 591 ارب کے نقصانات ہوئے جو ملکی خزانے پر بوجھ پڑا ہے اس رقم کے حوالے سے وزیراعظم اور کابینہ کے تحفظات تھے انہوں نے کہاکہ ڈسکوز کے کام کرنے، پوسٹنگ اور دیگر تمام چیزوں پر ایک بورڈ بٹھایا ہے یہ بورڈ بغیر کسی سفارش کے کام کررہا ہے اس گڈ گورننس کی وجہ سے اس بار ہمارا نقصان کم ہوا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت نے سفارشی لوگوں کو ہٹا کر کمپنیوں کے بورڈ میں اہل افراد کو لگانے کیلئے اصلاحات کی اور میرٹ پر ان کمپنیوں کے بورڈز کی تعیناتیاں کی انہوں نے کہاکہ وزارت نے بجلی کمپنیوں کے اندرونی معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی اورہماری کاوشوں کی وجہ سے پاور سیکٹر کو تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئی ہے جس سی591 ارب کے نقصانات کو کم کر کے 391 ارب تک لایا گیا اورایک سال میں 191 ارب روپے کمی کی گئی ہے اس نقصان میں سب سے بڑا ریکوری اور چوری کا نقصان ہے انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال بجلی کمپنیوں نے 315 ارب ریکور ہی نہیں کیے پاکستان میں ریکوری کو بہتر بنا کر 96.4 فیصد تک لائے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارے سسٹم میں گزشتہ سال 276 ارب کی بجلی چوری کی گئی ہے اوربجلی چوری میں ہم نی10 سے 11 ارب روپے کی کمی کی ہے انہوں نے کہاکہ بجلی چوری صرف غریب آدمی نہیں کرتا بلکہ بڑی بڑی صنعتیں فرنس آئل پلانٹس بجلی چوری میں ملوث ہیں اورلیسکو نے سب سے بہتر کام کیا اور نقصانات کم کرنے میں کامیاب ہوئی انہوں نے کہاکہ لیسکو نے بجلی چوری میں ملوث بہت بڑی ایک کاروائی کی انہوں نے کہاکہ ایک بڑی صنعت جتنی بجلی چوری کرتی ہے اتنی چوری پورے ایک دیہات میں نہیں ہوتی ہے ہم اس سال کی بہتری کو جاری رکھیں گے تاکہ آئندہ سال نقصانات مزید کم ہونگے وفاقی وزیر نے کہاکہ سندھ کے بورڈز کے آغاز میں کئی قانونی مسائل تھے ہمارے خلاف عدالتوں سے حکم امتناعی بھی آئے مگر ان بورڈز کو مکمل طور پر تبدیل کرنے پر کوئی مفاہمت نہیں بن سکی اور بورڈز کی تبدیلی کا عمل جاری ہے انہوں نے کہاکہ اچھی بات یہ ہے کہ ان بورڈز کی مدت اب ختم ہونے والی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ دیر سے آئے مگر درست سمت میں آئے انہوں نے کہاکہ دیگر کمپنیوں نے پرفارم کیا اور ہمیں مجموعی طور پر 191 ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے اگر گورننس بہتر ہوتی تو یہ فائدہ شاید 200 ارب روپے سے زائد ہوتا انہوں نے کہاکہ میں مسائل اٹھانے کی بجائے مستقل کوشش پر یقین رکھتا ہوں ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے کو بہتر طریقے سے حل کیا جائے وفاقی وزیر نے کہاکہ سولر پالیسی میں کوئی ایشو نہیں ہے پاکستان میں سولرائزیشن ایک انقلاب سے گزر چکا ہے انہوں نے کہاکہ نیٹ میٹرنگ سے ہٹ کر بھی ملک میں بڑی سطح پر سولرائزیشن ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ میری محتاط رائے میں قومی گرڈ کی گنجائش کا بڑا حصہ آف گرڈ سولر سسٹمز پر مشتمل ہے دیہی علاقوں میں ٹیوب ویلز اور گھروں میں بیٹری سسٹم سے بجلی دی جا رہی ہے انہوں نے کہاکہ سولر پینلز کی درآمد پر زیرو ڈیوٹی تھی جبکہ مقامی مصنوعات پر ٹیکس تھا، ہم نے مقامی اور امپورٹڈ سولر مصنوعات کے لیے برابری کی سطح پیدا کی ہے اوردرآمدی پینلز پر 10 فیصد کے لگ بھگ ٹیکس نافذ کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ نیٹ میٹرنگ کی بنیاد ہماری اپنی دی گئی ترغیبات پر رکھی گئی ہے اس وقت نیٹ میٹرنگ کا ریٹرن ان جسٹیفائیڈ ہے ہم نیٹ میٹرنگ صارفین کے منافع کو ٹینلائز نہیں کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ اگر اس کی اصلاح نہ کی گئی تو اگلے 6 سال میں نیٹ میٹر صارفین کے باعث دیگر صارفین پر 3 ہزار ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا انہوں نے کہاکہ ہم نے آئی پی پیز کے معاہدوں کا بھی ازسرنو جائزہ لے کر 3500 ارب روپے کی مستقبل کی بچت ممکن بنائی ہے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ نیٹ میٹرنگ کی حوصلہ شکنی نہیں کی جائے گی اس وقت نیٹ میٹرنگ کا سرمایہ ڈیڑھ سے پونے دو سال میں واپس آ رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ پیریڈ بڑھا کر دو سے تین سال کر دیا جائے انہوں نے کہاکہ کابینہ نے پہلے اس پر غور کرنے سے انکار کیا تھا، اب دوبارہ ریویو ہوگا انہوں نے کہاکہ اس پر مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور اگلے ہفتے کابینہ میں نئی سمری پیش کیا جائے گی انہوں نے کہاکہ ب تک 6500 میگاواٹ کے نیٹ میٹرنگ سسٹمز انسٹال ہو چکے ہیں اورآئندہ 6 سال میں مزید 8000 میگاواٹ نیٹ میٹرنگ کی گنجائش رکھی گئی ہے انہوں نے کہاکہ جو صارفین گرڈ سے ہٹ کر سولر لگانا چاہتے ہیں، ان پر کوئی پابندی نہیںہے وفاقی وزیر نے کہاکہ میں نے تمام وزرائے اعلی کو خط لکھا ہے کہ بجلی کا ادارہ صوبائی ڈیوٹی اکٹھا کرنے کا کلیکشن ایجنٹ نہیں بن سکتا ہے اور اسے بند کرنا ہوگا انہوں نے کہاکہ عوام کی طرف سے مطالبہ ہے کہ بجلی کے بل کو سادہ بنایا جائے اوربل میں موجود 20 قسم کے ریٹ اور مختلف ٹیکسز کا خاتمہ ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے کنٹرول میں جو کلیکشن تھی وزیر اعظم نے اسے فوری ختم کیا اور پی ٹی وی کی کلیکشن ہم بند کر چکے ہیں اورصوبائی حکومتوں کو کہا ہے کہ اپنا الگ نظام بنائیں اب ہم ان کے لیے کلیکشن جاری نہیں رکھ سکتے ہیں جس پر ایک وزیر اعلی کا جواب آ چکا ہے جبکہ باقیوں کا انتظا ر ہے اور ان جوابات کی روشنی میں معاملہ کابینہ اور وزیراعظم کے سامنے رکھوں گا انہوں نے کہاکہ 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کی جو کمی ہوئی وہ مختلف عناصر کی بنیاد پر تھی یہ کمی آئی پی پیز کے معاہدوں میں اصلاحات کی بدولت ممکن ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ کمی کی وجہ کپیسٹی پیمنٹس میں کمی اور ٹیرف کی درست کیلکولیشنز ہیں، اس میں پی ڈی ایل اور دیگر عوامل کو بھی شامل کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ نیپرا نے پچھلے سال کی نسبت اس سال بھی فی یونٹ کمی کی منظوری دی ہم کوشش کرتے ہیں کہ بیس ٹیرف میں استحکام رہے انہوں نے کہاکہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ میں فرق آتا ہے باقی فکس ٹیرف مستحکم رکھا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ڈالر ریٹ، سود کی شرح اور دیگر عوامل میں فرق اضافے یا کمی کا باعث بنتے ہیں اور جو بھی کمی یا اضافہ ہوگا وہ صارف تک پاس آن کیا جاتا رہے گا انہوں نے کہاکہ آنے والے فیصلوں سے ہی پتا چلے گا کہ بجلی کی قیمت کم ہوگی یا بڑھے گی میرے پاس فی الحال کوئی حتمی پیش گوئی نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ آئندہ ایک سال بجلی کے نرخ مستحکم رہیں گے اور اگر اصلاحات جاری رہیں تو سرپلس بجلی اور درست پالیسی کی بدولت کمی ممکن ہے۔۔۔۔اعجاز خان