یوم آزادی ''معرکہ حق '' کے طور پر منانے کا خیر مقدم کرتے ہیں، چودھری محمد عبیداللہ

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز کے مرکزی صدر چودھری محمد عبیداللہ نے وفاقی حکومت کی طرف سے یوم آزادی کو ''معرکہ حق'' کے عنوان سے منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی آزادی کا جشن ''بنیان مرصوص ''کی فتح کے ساتھ منا کر پیغام دے گی کہ 24 کروڑ محبان وطن اپنی خود مختاری اور سلامتی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں چودھری محمد عبیداللہ نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں یوم آزادی کی تقریبات میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ رکھیں۔ صدر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولزنے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین تقریبات کمیٹی وفاقی وزیر چوہدری احسن اقبال سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر ایسی وطن دوست شخصیات کوایوارڈز دینے کے لئے نامزد کریں جن کی زندگی پاکستان سے شروع اور پاکستانیت پر ختم ہوتی ہے۔ چودھری عبیداللہ نے مزید کہا کہ قومی تقریبات میں طلباء اور نونہالوں کا جوش وجذبہ مثالی ہونا چاہیے۔