ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے اعزاز میں عشائیہ دیا

حالیہ جنگ میں پاکستان نے ایران کا ساتھ دیکر ملی اتحاد اور اسلامی بھائی چارے کا ثبوت دیا، ایرانی سفیر

جمعہ 11 جولائی 2025 20:43

ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے اعزاز میں عشائیہ دیا ، پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن بھی انکے ہمراہ تھے ، اس موقع پر دونوں راہنماؤں نے پاک ایران مثالی دوستی ، دونوں ممالک میں حکومتی اور عوامی سطح پر پائی جانے والی مذہبی عقیدت و احترام اور مستقبل میں تجارت سمیت دونوں ریاستوں کی ترقی و خوشحالی کے لیئے ممکنہ اقدامات و تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں ایران نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیکر دوستی کو ایک بار پھر دنیا پر واضح کردیا ہے، وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کرنے ان ممالک جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ زائرین کی بڑی تعداد پاکستان اور بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان سے ایران عراق جاتی ہے انہیں پاکستانی سرحد پر بلوچستان میں درپیش مسائل کے حل کے حوالہ سے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے مجھے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور میری یہ گذارش ہے کہ ایرانی حکومت بھی ان زائرین کے مسائل کے حل میں خصوصی توجہ مبذول کرے ، انہوں نے کرم متاثرین کو امداد کی فراہمی کے حوالہ سے ہلال احمر کی خدمات اور وہاں قیام امن کے لیئے افواج پاکستان کی جانب سے جاری کوششوں کو بھی سراہا انہوں نے خیبرپختونخوا کے امن کے حوالہ سے ایرانی سفیر جو بتایا کہ حکومت پاکستان وفاقی سطح پر قیام امن میں سنجیدہ ہے اور سیکورٹی فورسز انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کررہی ہیں ایرانی سفیر نے دعوت عشائیہ قبول کرنے پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے ایران کا ساتھ دیکر ملی اتحاد اور اسلامی بھائی چارے کا ثبوت دیا، ایران پاکستان تمدن ، مذہب اور محبت کے نہ ٹوٹنے والے رشتہ سے جڑے ہیں زائرین کی ہرممکن خدمت کرکے اللہ کی رضا کا حصول ایران کی ترجیح ہے تاہم اس معاملہ میں عراق بھی جڑا ہوا ہے، پاکستان ، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کا مشہد میں مشترکہ اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں اربعین اور دیگر مواقع پر جانے والے زائرین کے مسائل کا ہرممکن حل نکالا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کی جانب سے اپنی بسیں لے جانے سے ایک بڑی مشکل کافی حد تک کم ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں کاروبار کے فروغ کا وسیع میدان موجود ہے جس پر سنجیدگی سے توجہ دینی ہوگی ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلہ کے حوالہ سے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کی جانب سے طلبہ ، علماء اور میڈیا کے حوالہ سے وفود کے تبادلہ کی تجویز کو انہوں نے امن کے فروغ ، یک جہتی کی تقویت کے لیئے ضروری قرار دیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ایران کے دیرینہ تعلقات ہیں انشاء اللہ دونوں ممالک مستقبل میں دفاعی ، تجارتی اور حکومتی سطح پر مزید قریب آئیں گے جس کے ثمرات سے پورا خطہ اور بالخصوص دونوں ممالک کے باشندے مستفید ہونگے، اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایرانی سفیر کو گلدستہ پیش کیا جبکہ ایرانی سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ پیش کی ، ڈیرہ اسماعیل خان کی معروف سیاسی سماجی شخصیات ، انجمن متولیان و سالاران کے راہنماء سید نجم الحسن شاہ المعروف گلا شاہ بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔