چوہدری انوارالحق کی بس مسافروں کو بیدردی سے قتل کرنے کے سفاکانہ واقعے کی شدید مذمت

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے بلوچستان میں بسوں سے مسافروں کو اتار کر شناخت کے بعد بیدردی سے قتل کرنے کے سفاکانہ واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیرِاعظم آزاد کشمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلع ژوب کے علاقے ڈب سرہ ڈاکئی میں گزشتہ رات دہشت گردوں کا بسوں سے اتار کر اور شناخت کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 بیگناہ مسافروں کا خون بہانا ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

بلوچستان میں دھشتگردی کی کارروائیوں میں بھارتی پراکسیز ملوث ہیں، فتنہ الہندوستان کی یہ ظالمانہ کارروائی ملک میں امن و امان اور قومی یکجہتی پر براہِ راست حملہ ہے۔

(جاری ہے)

مودی حکومت پاکستان کے اندر اپنی پراکسی فتنہ الہندوستان کے زریعے دھشتگردی سے باز نہ آئی تو پھر انہیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلح افواج پاکستان معرکہ حق ''آپریشن بنیان المرصوص'' کی طرح ہندوستان کے اندر گھس کر ایسا منہ توڑ جواب دیں گی کہ ان کی 7نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

حکومتِ آزاد جموں و کشمیر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہم شہداء کے لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری کشمیری قوم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ فتنہ الہندوستان کی دہشتگردانہ کارروائیوں اور بربریت آمیز ہتھکنڈوں سے ہماری قوتِ ارادی کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے عوام امن، رواداری اور بھائی چارے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہیں گے اور دہشت گردی کا ہر شکل میں خاتمہ کر کے دم لیں گے۔وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔