Live Updates

معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ،ادھار کے پیسوں سے معیشت زیادہ دیر نہیں چل سکتی‘ احسن اقبال

2018 میں کچھ ججوں ،جرنیلوں نے ملک کی چابی اناڑی کے ہاتھ میں دی جس کا خمیازہ ملک آج تک بھگت رہا ہے‘ وفاقی وزیر

اتوار 13 جولائی 2025 19:25

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ،ادھار کے پیسوں سے معیشت زیادہ دیر نہیں چل سکتی،ایک سال میں مہنگائی 24فیصد سے 4 فیصد پر آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم کے کاشتکاروں میں پے آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسان دن رات کی محنت سے ہماری خوراک کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں،کبھی کوئی مشکل ہمارے کسان کو پاکستان کیلئے غلہ پیدا کرنے سے نہیں روک سکی، کسان اس دھرتی کے عظیم بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی مشکلات سے ملکی معیشت کو سنبھالا ہے،ادھار کے پیسوں سے چلنے والی معیشت زیادہ دیر نہیں چل سکتی،ہمیں اپنی آمدن اور اخراجات میں توازن پیدا کرنا ہوگا،بہتر ملکی معیشت کیلئے ہمیں اپنی آمدن کے ذرائع کو بڑھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں اس وقت کے کچھ ججوں اور جرنیلوں نے اس ملک کی چابی ایک اناڑی کے ہاتھ میں دی جس کا خمیازہ ملک آج تک بھگت رہا ہے۔2018 کے الیکشن کے نتائج کی وجہ سے ایک اناڑی نے اس ملک کی معیشت کو دیوالیہ نکال کر رکھ دیا،عثمان بزدار جیسے نالائق نے پنجاب کی ترقی کو روک کر رکھ دیا تھا۔پی ٹی آئی کے 4سالوں میں ترقی کا ایک بھی منصوبہ نہیں لگایا گیا۔

ہم نے نارووال میں یو ای ٹی یونیورسٹی آف نارووال اور نارووال میڈیکل کالج جیسے بڑے منصوبے دئیے،پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے ہماری حکومت کو مشکل معاشی فیصلے کرنے پڑے،ایک سال کے اندر مہنگائی 24فیصد سے 4 فیصد پر آئی ہے۔گندم سپورٹ پروگرام وزیراعلی پنجاب کا کسان دوست منصوبہ ہے۔وفاقی حکومت 1000 طلبہ کو چین بھیج رہی ہے تاکہ انہیںماڈرن ٹیکنالوجی سے روشناس کروایا جاسکے۔

فی ایکٹر زرعی پیداوار کے حوالے سے بدقسمتی سے ہمارا شمار دنیا کے کم ترین پیداواری صلاحیت والے ممالک میں ہوتا ہے ۔بہتر پیداوار کیلئے ہمیں بیج کے چنائو سمیت جدید مشینری اور ماڈرن تکنیک استعمال کرنا ہوگی۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے میں ترقی کیلئے اپنی زراعت کو جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا چاہتی ہی۔نارووال ضلع میں زرعی تعلیم کے حصول کیلئے زرعی کالج قائم کررہے ہیں،ہم اپنے ضلع نارووال کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔

ضلع نارووال کو بڑے شہروں سے ملانے کیلئے سڑکوں کا جال بچھا رہے ہیں،پی ٹی آئی کے 4 سال ملکی ترقی کیلئے ایک ڈرائونا خواب ثابت ہوئے،ہم پاکستان کی معیشت کو دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت بنائیں گے۔بعد ازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کسانوں میں گندم سپورٹ پروگرام کے تحت پے آرڈرز تقسیم کیے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات