لاہور کی فضائی حدود میں طیاروں کو پرندوں سے پیش آنے والے ممکنہ خطرات سے بچاو کیلئے’’نو برڈ زون‘‘بنانے کا فیصلہ

اتوار 13 جولائی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) لاہور کی فضائی حدود میں طیاروں کو پرندوں سے پیش آنے والے ممکنہ خطرات سے بچانے کیلئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، وائلڈ لائف اور انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی نے "نو برڈ زون" بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں رنگ فینسنگ کے ذریعے نو برڈ زونز کا قیام کیا جائے گا۔

ہوائی اڈوں کے قریب موجود غیرقانونی ذبحہ خانے، پولٹری فارمز،کچرا پھینکنے کے مقامات کو فوری طور پر بند یا منتقل کیا جائے گا۔بیکریوں کا کچرا صرف منظور شدہ طریقے سے ٹھکانے لگانا لازم ہوگا۔ماحولیاتی اجازت کے بغیر کام کرنے والے پولٹری فارمز، ذبحہ خانے، چمڑا رنگنے والے یونٹس بند کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کھلے عام جانوروں کی کھال دھونا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

ہوائی اڈوں کے نزدیک کچرے کے ڈھیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ ڈھکن والے کوڑے دانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے مریم اورنگزیب کو ہدایت دی کہ پنجاب کی پہلی وائلڈ لائف فورس کو فوری طور پر متحرک کیا جائے۔مناواں ہسپتال، داہوری والا، پی کے ایل آئی، لاہور مشرقی بائی پاس، چونگی امر سدھو، اچھرہ، چاہ میراں کو نو برڈ زون قرار دے دیا گیا۔مذکورہ علاقوں میں وائلڈ لائف رینجرز نے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ دنیا بھر کے ایئرپورٹس کے گرد پرندوں سے بچاؤکے لیے نو برڈ زونز بنائے جاتے ہیں، پاکستان میں بھی یہی عالمی معیار اپنایا جا رہا ہے۔