قافلہ امن کی ملتان آمد، ڈویژنل امن کمیٹی اراکین سے ملاقات، علامہ طاہر محمود اشرفی کا پیغام وحدت

محرم الحرام میں مثالی ہم آہنگی، پیغامِ پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی پابندی سے امن کا قیام ممکن ہوا بلوچستان میں بھارتی مداخلت قابلِ مذمت، پاکستان بیرونی سازشوں کے خلاف پرعزم ہے،طاہر محمود اشرفی

پیر 14 جولائی 2025 23:08

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور صدر قومی یکجہتی کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی قافلہ امن و سلامتی کے ہمراہ ملتان پہنچے۔ قافلے میں مختلف مکاتب فکر کے جید علماء شامل تھے۔انہوں نے کمشنر آفس میں ڈویڑنل امن کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، پولیس و انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور علمائے کرام نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اور بین المسالک تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ محرم الحرام پٴْرامن طریقے سے گزرا، جس کا سہرا کمشنر عامر کریم خاں ،انتظامیہ، علمائے کرام اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

’’پیغامِ پاکستان‘‘کے ضابطہ اخلاق پر عمل نے وحدتِ امت کو فروغ دیا اور تمام مکاتب فکر نے مثالی تعاون کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے ربیع الاول کے دوران بھی بھرپور امن و اتحاد برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس وقت مختلف بیرونی سازشوں کا سامنا کر رہا ہے، خاص طور پر بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور شرپسندی کی سرگرمیاں ایک گہری سازش کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور ادارے ملک میں امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور ہر اندرونی و بیرونی خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ محرم کے پہلے عشرے میں ڈویژن بھر میں 3182 مجالس اور 909 جلوس پٴْرامن انداز میں منعقد ہوئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس بار پہلی مرتبہ موبائل سبیلیں، وضو خانے اور کلینک آن وہیلز بھی جلوسوں کے ساتھ فراہم کیے گئے۔اجلاس کے بعد علامہ طاہر محمود اشرفی نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں فتح نے بھارت کو عبرت ناک ذلت سے دوچار کیا۔

83 ڈرونز کی تباہی نے دنیا بھر میں بھارتی شکست پر مہر لگائی،آئین پاکستان میں ،اقلیتوں کے ضابطہ اخلاق ،واضح ہیں۔پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں، فلسطینی بھائیوں کو نہیں بھولا،پاکستان اس وقت مختلف بیرونی سازشوں کا سامنا کر رہا ہے، بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور شرپسندی کی سرگرمیاں ایک گہری سازش کا حصہ ہیں، عوام اور ادارے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

پاکستان نے بھارت کو دھول چٹاء، ایران نے اسرائیل کو پسپا کیا، یہ عالم اسلام کی فتح ہے۔ علامہ طاہر محمود اشرفی نے اجلاس کے اختتام پر بلوچستان میں شہید ہونے والے شہریوں، سکیورٹی فورسز اور پولیس افسران کے لیے دعا بھی کروائی اور کہا کہ امن کا سفر جاری رہے گا۔