وزیراعظم سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

ملاقات میں باہمی اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے، مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی اتفاق کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جولائی 2025 13:27

وزیراعظم سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید وسعت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2025ء ) پاکستان اور انڈونیشیا نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سیافری سمسودین نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے قاہرہ میں حالیہ G8 سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانٹو سے اپنی خوشگوار ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان قریبی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے ہیں، اور دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، اس دوران وزیراعظم نے دفاع، دفاعی پیداوار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں انڈونیشیا کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے، مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور دفاعی تعاون کے معاہدے پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ انڈونیشیا کے وزیر دفاع سیافری سمسودین نے صدر پرابوو سوبیانٹو کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، خصوصاً دفاعی پیداوار میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، یہ ملاقات پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ روابط کی ایک اہم کڑی ہے، جو خطے میں امن، ترقی اور باہمی اعتماد کی فضا کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔