الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا

ای سی پی نے رکن قومی اسمبلی کے خلاف سپیکر کا ریفرنس منظور کرلیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جولائی 2025 15:43

الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2025ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ جاری کردیا، ای سی پی نے اپنے فیصلے میں جمشید دستی کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ریفرنس منظور کرلیا اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے رُکنِ قومی اسمبلی جمشید دستی کو تعلیمی اسناد جعلی ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ناصرف جمشید دستی کی نشست خالی قرار دیدی گئی اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو نااہل قرار دینے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اسناد سے متعلق جھوٹا بیان اور غلط ڈکلیئریشن دینے پر اُن کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کی کاروائی بھی شروع کر دی ہے، اس حوالے سے 3 رکنی الیکشن کمیشن نے 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ رواں برس مئی میں الیکشن کمیشن میں رکن قومی اسمبلی کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی اسناد سے متعلق دائر درخواست کی سماعت مکمل کی تھی جس کے بعد تین رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، اس حوالے سے درخواست گزار امیر اکبر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جمشید دستی نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں اثاثے چھپائے اور جھوٹی تعلیمی تفصیلات درج کیں، دستی نے کاغذاتِ نامزدگی میں ایف اے لکھا جب کہ وہ نہ میٹرک پاس ہیں اور نہ ہی انہوں نے ایف اے کی ہے۔

واضح رہے کہ جمشید دستی نے اپنی سیاست کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی سے کیا، انہوں نے 2013ء کے الیکشن میں پہلی بار ایم این اے منتخب ہوکر قومی اسمبلی میں مظفرگڑھ کے حلقہ 178 کی نمائندگی کی لیکن بعد ازاں پیپلز جماعت اور پارلیمان سے استعفیٰ دے کر اگلے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی جس میں انہوں نے حنا ربانی کھر کے والد کو شکست دی، اسی طرح جمشید دستی پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے 2024ء کے الیکشن میں بھی کامیاب ہوکر اسمبلی پہنچے اور وہ بھی ان سیاستدانوں میں شامل رہے ہیں جنہیں نو مئی کے بعد مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔