ایس ڈی اے کے 38 ملازمین کی ایس بی سی اے میں تعیناتی متعصبانہ اقدام ہے،آفاق احمد

سندھ حکومت بغضِ مہاجر میں اندھی ہوچکی ،تعیناتی سپریم کورٹ کی حکم عدولی ہے، مہاجر عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،تعیناتی کے خلاف آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے،چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

منگل 15 جولائی 2025 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے سہیون ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے 38ملازمین کی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں تعیناتی کو متعصبانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بغضِ مہاجر میں اتنی اندھی ہوچکی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا رہی ہے، سپریم کورٹ حکم دے چکی ہے کہ کسی ادارے کا ملازم کسی دوسرے ادارے میں تعینات نہیں کیا جاسکتا، جب KMCکا ملازم KDAمیں تعینات نہیں ہوسکتا تو کسی دوسرے شہر کے ترقیاتی ادارے کا ملازم کس طرح SBCAمیں تعینات ہوسکتا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ لیاری میں بلڈنگ گرنے پر بعد 7مہاجر افسران فوری گرفتار کرلئے گئے جبکہ دو غیر مہاجر اب تک آزاد ہیں، صاف نظر آرہا ہے کہ انکو سندھ حکومت کا تحفظ حاصل ہے، اسے میں تعصب نہ کہوں تو کیا کہوں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ اگر SBCAصرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں کام کرتی ہے، اگر تبدیل کرنا ہی تھا تو SBCAحیدرآباد سے لاکر تعینات کردیتے، سہیون ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے ٹرانسفر قبول ہے نہ قانون اسکی اجازت دیتا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ سندھ حکومت کے مسلسل مہاجر دشمنی پر مبنی اقدامات سے شہریوں میں شدید بے چینی پیدا ہورہی ہے، اندیشہ ہے کہ کراچی کی شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل آسکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو اسکی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مہاجر عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان افسران کی تعیناتی کے خلاف آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے۔