امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 18ستمبر کو پاکستان کے دورے کا امکان

ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سفارتی حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ دورہ پاکستان کے دوران صدرمملکت، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل وآرمی چیف سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، سرکاری ذرائع

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 جولائی 2025 12:53

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 18ستمبر کو پاکستان کے دورے کا امکان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2025)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18ستمبر کو پاکستان کے دورے پراسلام آباد پہنچیں گے،سرکاری ذرائع کے مطابق امریکی صدر جنوبی ایشیاء کے دورے  پر بھارت بھی جائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ سرکاری دورے پر بھارت جانے سے پہلے پاکستان پہنچیں گے،ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سفارتی حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی  بتانا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ پاکستان کے دوران صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل وآرمی چیف سید عاصم منیر سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھارت نے دورے کی دعوت دی تھی۔ذرائع کے مطابق امریکی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں تقریب کا اہتمام کیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا تھا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے جنگ روکنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا تھا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عاصم منیر کی شخصیت متاثر کن تھی۔ملاقات کے بعد اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھاکہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔امریکی صدر کایہ بھی کہناتھاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ اداکرنے کیلئے  مدعو کیا تھا۔ قبل ازیں امریکہ کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے مارچ 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ سابق امریکی صدر کلنٹن، صدر نکسن اور صدر جانسن بھی پاکستان کا دورہ کر چکے تھے۔