Live Updates

سینیٹرشیری رحمان کا ملک بھرمیں بارشوں سے ہونے والی تباہی اورجون سے اب تک سو سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس

جمعرات 17 جولائی 2025 18:57

سینیٹرشیری رحمان کا ملک بھرمیں بارشوں سے ہونے والی تباہی اورجون سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ملک بھر میں بارشوں سے ہونے والی تباہی اور جون سے اب تک سو سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے ہر آنے والے سال کو مزید مشکل بنا رہی ہیں، ہم کب جاگیں گے اور شہری منصوبہ بندی میں پائیدار ماحولیاتی انفراسٹرکچر کاعنصر شامل کریں گی ۔

جمعرات کو اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرا دکھ ہے ،جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے ہر آنے والے سال کو مزید مشکل بنا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 199 ملی میٹر طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ بلند ہو گئی، مقامی آبادیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں، یہ صرف خراب موسم نہیں، ماحولیاتی بحران کی بڑھتی ہوئی شدت کی علامت ہے۔

انہوںنے کہاکہ چکوال میں 423 ملی میٹر کلاؤڈ برسٹ سے تشویشناک صورتحال پیدا ہوئی ،جس کے نتیجے میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا، یہ واقعات اب غیر معمولی نہیں رہے، روزمرہ کی حقیقت بن چکے ہیں، ہم کب جاگیں گے اور شہری منصوبہ بندی میں پائیدار ماحولیاتی انفراسٹرکچر کاعنصر شامل کریں گی ۔ انہوںنے کہاکہ سب اہم سوال یہ ہے پائیدار ماحولیاتی منصوبہ بندی اب تک ہماری حکمت عملی کا حصہ کیوں نہیں بن سکی ، رواں سال بارشوں سے پنجاب کے پوٹھوہار ریجن سب سے زیادہ متا ثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے اثرات نمایاں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن تیز اور مؤثر بنانے کی فوری ضرورت ہے، دوسرے صوبوں کو کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے مکمل تیاری کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے جامع اور پائیدار قومی حکمت عملی ناگزیر ہے، ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی طرح جدید اور موثر اقدامات اختیار کرنے ہوں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات