میجر سمیت شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش

دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے، مولانا عبد الماجد

جمعرات 17 جولائی 2025 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)پاکستان امن کونسل سندھ، مرکزی علما کونسل پاکستان سندھ کے صوبائی صدر، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، خطیب و امام جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے بلوچستان کے ضلع آواران اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں دہشت گردوں کی ہلاکت کو سکیورٹی فورسز کی کامیابی قرار دیتے ہوئے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا تاہم ضلع آوران میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر رب نواز طارق کی شہادت جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سمیت شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن کی خاطر عظیم قربانیاں دینے والے شہدا قوم کے ہیرو ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے وطن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ان کا یہ کہنا بھی ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دے۔

(جاری ہے)

ملکی معاشی ترقی و استحکام کے لیے فیصلہ کن اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔