uچین پاکستان کی خودمختار ترقی کی مکمل حمایت کرتا ہے،وانگ ای

،انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی چینی وزیر خارجہ

جمعرات 17 جولائی 2025 20:25

‘ تیانجن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء)چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی خودمختار اور پائیدار ترقی کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اس کے ساتھ کھڑا ہے، پٴْرامید ہے کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گا۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈارسے ملاقات کے دوران وانگ ای نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تیار ہے، اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی خودمختار اور پائیدار ترقی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کی اعلیٰ سطح تک ترقی، اور زراعت، صنعت و معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اس کے ساتھ کھڑا ہے اور پٴْر اعتماد ہے کہ پاکستان ملک میں موجود چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی سلامتی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گا۔اس موقع پراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال میں ایک استحکامی قوت کے طور پر اٴْبھر کر سامنے آئی ہے۔

وان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز تیانجن میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کے دوران کیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابقاسحاق ڈار نے چین کی کثیرالطرفہ تعاون کے لیے مستقل وابستگی اور رواں سال ایس سی او کی صدارت کے دوران تنظیم کو مؤثر بنانے میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کو سیاسی، اسٹریٹجک اور اقتصادی اہمیت کے حامل ایک کلیدی پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کی شمولیتی سوچ، جو ریاستوں کی خودمختاری اور برابری کو تسلیم کرتی ہے اور تنازعات کے پٴْرامن حل کو ترجیح دیتی ہے، دنیا کو محاذ آرائی، جارحیت اور صفر مجموعی سوچ سے بچانے کا قابلِ عمل متبادل پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی پالیسی باہمی احترام، ترقی اور اتفاقِ رائے پر مبنی ہے جو ایک منصفانہ اور پٴْرامن عالمی نظام کی امید دلاتی ہے۔

اسحاق ڈار نے اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت اور غزہ میں جاری انسانی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جارحیت، داخلی معاملات میں مداخلت اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے خلاف ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق انہوں نے مزید زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ بدامنی سے نکلنے کا واحد قابلِ عمل راستہ "دو ریاستی حل" ہے، اور دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے پٴْرامن ذرائع،مذاکرات، سفارت کاری، اور بین الاقوامی قانون، انصاف اور منصفانہ اصولوں کے مطابق اقدامات کیے جانے چاہییں۔