سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی،5 مبینہ خود کش حملہ آور گرفتار

دہشت گردوں نے مسجد میں پناہ لے رکھی تھی، گرفتار دہشتگرد افغان شہری ہیں جن کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں، تین ملزمان کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں، تمام دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 14:40

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی،5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار، گرفتار دہشتگرد افغان شہری ہیں جن کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں، تین ملزمان کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں، تمام دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق سیکورٹی نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 جولائی کو شام 5 بجے خوارج نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جو شام 6 بج کر 25 منٹ پر عزیز خیل اور منڈی خیل کی سمت بڑھے۔سیکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی پانچ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔

(جاری ہے)

سیکورٹی فورسز نے پانچ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور خوارج کو بیسی خیل کی مسجد میں پناہ لیتے ہوئے گھیر لیا۔ بہترین حکمت عملی کے تحت فورسز نے مسجد کا فوری محاصرہ کیا جس کے بعد دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال دئیے۔

گرفتار ہونے والے تمام خوارج افغان شہری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی مکمل پشت پناہی خوارج کو حاصل ہے جو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہیں تاہم فورسز ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔

ان دہشتگردوں کا تعلق اس نیٹ ورک سے تھا جو بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کاکہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور ہلاک ہونے والے خوارجیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیاتھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا تھا۔ یکم اور 2 جولائی کی درمیانی رات بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی نقل و حرکت کا پتا چلا جس کے بعد فورسز نے مؤثر کارروائی کی تھی۔شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ”فتنہ الخوارج“کی بڑی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیاتھا۔