یومِ الحاق پاکستان کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ ناقابلِ شکست رشتہ اور نظریاتی وابستگی کا مظہر ہے،وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر

جمعہ 18 جولائی 2025 20:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے ۔ یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں،آرزوؤں اور قربانیوں کا مرکز ہے ، پاکستان کی مٹی سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اور اس راہ میں اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہمارے اصل قومی ہیرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا فرمان کہ "کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے" کشمیریوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، اور یہی نظریاتی وابستگی کشمیریوں کو پاکستان سے جوڑے رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت سے خائف ہو چکا ہے اور طاقت کے زور پر ان کے عزم کو دبانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کا دن کشمیری تاریخ کا سنگِ میل ہے جب سرینگر میں بانی صدر آزادکشمیر سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ آبی گزرگاہ میں مسلم اکابرین کے اجلاس میں قرارداد الحاق پاکستان متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں کشمیریوں نے اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کیا اور مہاراجہ کشمیر سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر کی مسلم اکثریت اور جغرافیائی محل وقوع کو دیکھتے ہوئے کشمیر کا الحاق پاکستان سے کرے ۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد الحاق پاکستان کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ یہی وہ قرارداد ہے جس کی بنیاد پر پاکستان مسئلہ کشمیر کو لے کر اقوام متحدہ میں گیا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف جموں میں پاکستان سے محبت کے جرم میں اڑھائی لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، لیکن یہ ظلم کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہ کر سکا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یومِ الحاق پاکستان کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ ناقابلِ شکست رشتہ اور نظریاتی وابستگی کا مظہر ہے۔ 78 برس گزرنے کے باوجود کشمیری اپنی منزل کے حصول کے لیے ثابت قدم ہیں۔ انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے ذریعہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔