بیرسٹر سلطان سے سردار حسن ابراہیم خان کی ملاقات

مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پوری شد و مد کے ساتھ اٹھانے پر اتفاق

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ و ممبر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان کی ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی جس میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ و ممبر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پوری شد و مد کے ساتھ اٹھانے پر اتفاق کیا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ و ممبر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش خوش آئند ہے اور امریکی صدر کی پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر ہوا ہے اور دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہوئی ہے تو ایسے حالات میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو متحد و متفق ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے بھرپور اور ہر ممکن کوششیں کرنی چاہیے ۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیاء میں قیام امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے کیونکہ پاکستان او رہندوستان دو ایٹمی طاقتیں ہیں اور ان دونوں کے درمیان فلیش پوائنٹ مسئلہ کشمیر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ و ممبر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے آزادکشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ و ممبر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔