کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ،منزل کا تعین قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری سے سرینگر میں ہو چکا ،چوہدری محمدیاسین

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمدیاسین نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے اور آزادی کے بعد کشمیری اپنی منزل پا لین گے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ہماری منزل کا تعین 19 جولائی 1947 کو قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری سے سرینگر میں ہو چکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ۔

مسئلہ کشمیر کوعالمی برادری کی توجہ کی ضرورت ہے،کشمیری اپنی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے،بھارت پاکستانی اور کشمیری عوام کو جدو جہد پر مجبور کر رہا ہے،بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیتکو تبدیل کرنا عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے،عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ کے پانچ مستقل ارکان اس کا نوٹس لیں کیونکہ یہ مسئلہ دو ایٹمی ملکوں کے درمیان حل طلب ہے،19 جولائی کی الحاق پاکستان کی قرارداد کشمیریوں کے نظریے اور مستقبل کی عکاس ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری پاکستان بننے سے قبل اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے حق میں کر چکے ہیں۔وطن سے محبت آٹے، چینی یا بجلی کی قیمتوں کی محتاج نہیں ہوتی،بھارت ہٹ دھرمی کر رہا۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیریوں نے غازی ملت سرار ابراہیم خان کے گھر 19 جولائی 1947کوایک قرارداد منظور کی تھی جس میں الحاق پاکستان کا اعلان کیا گیا تھا،کشمیریوں کی منزل صرف اور صرف پاکستان ہے،جموں کشمیر کا جوخطہ آزاد ہو چکاہے وہ پاکستان کا حصہ ہے ہم اسی کوپاکستان کی ریاست مانتے ہیں، ایل او سی کے اس پار جو کشمیری قربانی دے رہے ہیں ایل او سی کے اس پار جو ہماری ماں بہن بیٹی ہمارے بزرگ اور نوجوان آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں جب تک ایک بھی کشمیری، ایک بھی پاکستانی زندہ ہے وہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھے گا، ہماری جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی،، ایل او سی کے آر پار بسنے والے کشمیری اس نظرئیے کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے،پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھارت کے قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔