کشمیریوں کا جذبہ حریت و آزادی بھارت کی سات لاکھ فوج تمام تر مظالم کے باوجود سلب نہیں کر سکی، محمد سعد رفیق

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) مسلم لیگی(ن) کے مر کزی رہنما خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں،پوری قوم کشمیر یوں کے سا تھ کھڑی ہے، مقبو ضہ کشمیرعنقریب پا کستان کا حصہ بنے گا،کشمیریوں کو جب تک استصواب رائے کا حق نہیں دیا جاتا برصغیر آتش فشاں بنا رہے گا،کشمیریوں کا جذبہ حریت و آزادی بھارت کی سات لاکھ فوج تمام تر مظالم کے باوجود سلب نہیں کر سکی۔

ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں کل حریت کا نفرنس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام یوم الحاق پا کستان کے حوالے سے منعقدہ عظیم الشان ریلی سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔خواجہ محمد سعد رفیق کہا کہ آج کے تاریخی دن آل پارٹیز حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم سے دنیا کو آزادی کشمیر کا پیغام دے رہے ہیں، آج کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں ،قوم کشمیر کی آزادی تک آپ کے سا تھ کھڑی رہے گی، 19 جولائی 1947 کو جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے قائدین نے جو فیصلہ کیا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا،وہ ہر صورت پورا ہوگا، میں کشمیری بھائیوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے آپ کیلئے چار جنگیں لڑی ہیں اور اپنا لہو کشمیریوں کے نام کیا ہے، ہم پاکستانی اپنے بہادر مجاہدین ،مائوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ حریت و آزادی بھارت کی سات لاکھ فوج تمام تر ظلم کے باوجود سلب نہیں کر سکی، ہمیں جماعتوں اور دھڑے بندیوں سے آزاد ہوکر کشمیر کاز پر ایک ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کی ناپاک کوشش کی تو قوم اور پاک فوج نے متحد ہو کر بھارت کے دانت کھٹے کردیئے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور تحریکوں کا مرکز اور آج کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں ،قوم کشمیر کی آزادی تک آپ کے سا تھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی ریا ست فلسطینیوں کی نسل کشی کررہی ہے جسے عالمی قوتوں کی پشت پناہی حا صل ہے لیکن اس کے با وجودیورپ سمیت بیشتر مما لک سے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور نسل کشی کو بند کرنے کیلئے آواز اٹھ رہی ہے، عنقریب غزہ فلسطین آزاد ہوگا اور ان لوگوں کو بھی بہترین زندگی گزارنے کا حق ملے گا۔ایم پی اے ن لیگ رانا محمدارشد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، زندہ دلان لاہور آج اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حریت کانفرنس کی لیڈر شپ کو رہا کروایاجائے،ہم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے اور سپہ سالار عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہر فورم پر کشمیر کی کھل کر بات کرتے ہیں ۔

رانا محمدارشد نے کہا کہ اٹھائیس مئی کو جس طرح محمدنوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، اسی طرح جلد مقبوضہ کشمیر بھی پاکستان کا حصہ بنے گا۔علامہ سید جواد نقوی نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے گئے ہیں، اب وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین دونوں آزاد ہو نگے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر مظالم ڈھانے والے جلد نشان عبرت بنیں گے ۔

ریلی سے مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، تحریک منہاج القرآن اور تحریک لبیک پاکستان سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے بھی خطا ب کیا۔ریلی مال روڈ پر مسجد شہدا سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس چوک پر اختتام پذیر ہوئی جس میں تمام سیاسی و مذ ہبی جماعتوں کے کارکنان اور سول سوسائٹی کے لوگ بھی موجود تھے۔ریلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق سمیت مقامی کشمیری رہنمائوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا ء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور’’کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی‘‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔پو لیس کی جانب سے ریلی کے شرکا ء کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔