خیبرپختونخوا کے عوام صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مکمل طور پرمایوس ہو چکے ہیں،وفاقی وزیر انجنیئر امیرمقام

اتوار 20 جولائی 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مکمل طور پرمایوس ہو چکے ہیں،لوگ صوبے میں گورننس اور کرپشن پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، معاشی بدحالی اور گورننس جیسے اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنا بنیادی طور پر صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی ملک بھر میں امن و استحکام کی کوششوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ الیکشن کے ٹکٹوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر جاری اندرونی تنازعات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔

مسئلہ کشمیر بارے تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارت کے کئی دہائیوں سے جاری فوجی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔