&پورا خیبر پختونخوا دہشت گردوں سے بھرا ہوا ہے، ہر ضلع میں ان کی موجودگی ہے، میاں افتخار حسین

اتوار 20 جولائی 2025 18:15

ٓپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2025ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پورا خیبر پختونخوا دہشت گردوں سے بھرا ہوا ہے، ہر ضلع اور ہر شہر میں ان کی موجودگی ہے، اور اب بونیر میں باقاعدہ ’ولایت‘ کا اعلان کیا ہے۔ ایسے میں ایک اور فوجی آپریشن کی بات ہو رہی ہے، جو کہ 22واں آپریشن ہوگا۔

سوال یہ ہے کہ اگر پچھلے 21 آپریشنز سے امن قائم نہ ہو سکا تو کیا اب 22ویں آپریشن سے امن ممکن ہو گاان خیالات کا اظہار انہوں نے خو یشگی میں اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کیا میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے پی ایس سانحے کے بعد قوم نے نیشنل ایکشن پلان جیسا متفقہ ایجنڈا ترتیب دیا، جس میں دہشت گردی کے خاتمے کا مکمل راستہ موجود تھا۔

(جاری ہے)

ہم نے بارہا ریاستی اداروں کو نشاندہی کی کہ دہشت گرد کہاں موجود ہیں، لیکن کارروائی سے گریز کیا گیا۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت ٹارگٹڈ آپریشن کی تجویز دی گئی تھی، مگر ان طاقتوں کو ٹارگٹڈ کارروائی سے پرہیز ہے کیونکہ اس میں دہشت گرد مارے جاتے ہیں اور عوام بچ جاتی ہے، جبکہ ان کی ترجیح عوام کو بیدخل کرنا اور زمینوں پر قبضہ کرنا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایسے کسی آپریشن کو تسلیم نہیں کرے گی جس میں دہشت گردوں کے بجائے عوام نشانہ بنیں۔

ہم ایسے مذاکرات بھی مسترد کرتے ہیں جن میں دہشت گرد محفوظ ہوں اور عام شہری مارے جا رہے ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاست پنجاب اور سندھ میں امن قائم کر سکتی ہے تو خیبر پختونخوا میں کیوں ناکام ہی یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں امن لانا ریاستی ترجیحات میں شامل نہیں۔انہوں نے الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی کو تین مرتبہ ہرائے جانے کو بھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی، لیکن عوام آج بھی اے این پی کے ساتھ ہے۔

میاں افتخار حسین نے کہاہم کسی کے خلاف ذاتی دشمنی نہیں رکھتے، ہم امن چاہتے ہیں۔ جو ہمیں امن دے وہ ہمارا دوست ہے، اور جو امن کا دشمن ہے وہ ہمارا دشمن ہے۔ آخر میں انہوں نے قبائلی اضلاع کے لیے الگ صوبے کی تجویز پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر نیا صوبہ بنایا گیا تو وہ عوام کا نہیں بلکہ فوج کا صوبہ ہوگا۔ جو جماعتیں اس منصوبے کی حمایت کر رہی ہیں وہ دراصل فوج کی فرنٹ پارٹیاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پاکستان بھر کے تمام پشتون علاقوں کو متحد کرنے اور در میان موجود لکیروں کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔