مظلوم نوجوان جوڑے کا سفاک قتل ناقابل معافی جرم ہے،شیری رحمان

شادی شدہ جوڑے کو بیدردی سے مار کر قانون اور انصاف کی توہین کی گئی ،نائب صدرپی پی

اتوار 20 جولائی 2025 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو سر عام قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مظلوم نوجوان جوڑے کا سفاک قتل ناقابل معافی جرم ہے، شادی کے حق کو کچلنا بنیادی انسانی حق کی خلاف ورزی ہے۔ شیری رحمان نے کہاکہ قبائلی فیصلوں کے نام پر قتل قابل نفرت عمل ہے، غیرت کے نام پر سفاکیت کا تسلسل روکنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شادی شدہ جوڑے کو بیدردی سے مار کر نہ صرف قانون اور انصاف کی توہین کی گئی بلکہ صوبائی حکومت کی رٹ کو بھی چیلنج کیا گیا۔ شیری رحمان نے کہاکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی واقعے کی مذمت کی اور ہمیشہ خواتین کو با اختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔نائب صدرپی پی نے کہاکہ جرگے کی آڑ میں ظلم و بربریت کا باب بند ہونا چاہیے، ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔شیری رحمان نے کہاکہ فرسودہ رسم و رواج کے خاتمے کیلئے قانون سازی ناگزیر ہے، پاکستان میں صنفی مساوات کے لیے فیصلہ کن اقدامات ضروری ہیں۔