خواجہ آصف نے بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے واقعے پر ردعمل دیدیا

قران پاک ہاتھ میں تھامے خاتون کی بے بسی بتا رہی ہے اس کو مارنے والے سارے مرد کتنے غیرت مند ہیں؛ وزیر دفاع کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 21:37

خواجہ آصف نے بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے واقعے پر ردعمل دیدیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے واقعے پر ردعمل دیدیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ریاست کے خلاف بندوق ا ٹھائی ہوئی ہے وہ پہلے اس نظام کے خلاف آواز اٹھائیں جو آپ کے آس پاس رائج ہے، سارا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا، اس ظلم کے نظام کے ذمہ دار آپ کے بھائی بند ہیں، دوسرے صوبوں سے آئے مسافر اور روزی روٹی کمانے والے مزدور نہیں ہیں جن نہتوں کو آپ گولیاں مارتے ہیں، آپ کی جدوجہد کی بنیاد منافقت ہے، آپ کی شناخت وطن دشمنی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ قتل ہونے والے دونوں بچوں نے پسند کی شادی کی، ڈیڑھ سال چھپ کر رہتے رہے پھرانہیں ڈھونڈ لیا گیا، جرگے نے واپسی کا جھانسہ دیا، وہ لوٹ آئے پھر جرگہ نے ان کی موت کا فیصلہ سنا دیا، پہلے لڑکے کو گولی ماری پھر لڑکی کو بھی گولیوں سے بھون دیا، قران پاک ہاتھ میں تھامے خاتون کی بے بسی بتا رہی ہے کہ اس کو مارنے والے یہ سارے مرد کتنے غیرت مند ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر خاتون کے قتل کی ویڈیو وائرل ہے خاتون کے قتل کا مقدمہ ریاست اور صوبائی حکومت کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر رہے ہیں، قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعے میں ملوث مزید افراد کو بھی جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈیٹا نادرا کو بھیجا گیا جس میں متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہوگئی ہے تاہم فی الحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کر رہے، غیرمصدقہ اطلاعات ہیں کہ واقعہ عیدالاضحیٰ کا ہے اور فیملی نے رپورٹ نہیں کیا، ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کر رہے ہیں واقعے کا ضلعی انتظامیہ کو بھی علم نہیں تھا، خاتون کی باڈی ریکور کرنے کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔