یہ غیرت نہیں کھلا قتل اور بے غیرتی کی انتہا ہے، بلوچستان واقعے پر پی ٹی آئی کا ردعمل

ریاست اور نظام دونوں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جہاں خواتین کو تحفظ دینے کی بجائے قبائلی انا، مردانگی کے زہریلے معیار اور سرداری روایات کے حوالے کر دیا گیا ہے؛ پارٹی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 11:23

یہ غیرت نہیں کھلا قتل اور بے غیرتی کی انتہا ہے، بلوچستان واقعے پر پی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) بلوچستان میں جرگے کے فیصلے کے نتیجے میں خاتون اور اس کے شوہر کے بہیمانہ قتل پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آگیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی شعبہ اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اس بربریت، وحشت اور حیوانیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے، یہ غیرت نہیں، کھلا قتل اور بیغیرتی کی انتہا ہے اور ہر سال خواتین کو اپنی مرضی سے جینے کی سزا دی جاتی ہے، ریاست اور نظام دونوں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جہاں خواتین کو تحفظ دینے کے بجائے قبائلی انا، مردانگی کے زہریلے معیار اور سرداری روایات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ شرمناک ہے کہ آج بھی پاکستان میں عورت کا اپنی پسند سے شادی کرنا اس کی موت کی وجہ بن سکتا ہے، بلوچستان میں پیپلز پارٹی حکومت کی ترجیحات میں نہ دہشت گردی کے خاتمے کا ارادہ نظر آتا ہے اور نہ ایسے وحشیانہ واقعات پر کوئی سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں، ہم عدالتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت سزائے موت دی جائے بلکہ اس سے بڑھ کر کوئی سزا ہے تو وہ دی جائے، اس طرز کے سرداری فیصلوں، جرگوں اور غیر آئینی ٹکری سسٹم کو فوری ختم کیا جائے، خواتین کے حقِ زندگی اور آزادی کو آئینی تحفظ دیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو غیرت کے نام پر سرعام قتل کردیا گیا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر بلوچستان کے علاقہ ڈغاگاری کا ہے اور یہ علاقہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے صرف چند ہی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں یہ انسانیت سوز واقعہ پیش آیا۔

 
بتایا گیا ہے کہ پسند کی شادی کرنے کے جرم میں جرگہ اکٹھا کرکے شیتل نامی لڑکی اور لڑکے زرک کو گولی مارنے کا حکم دیا گیا، جس پر شیتل کے بھائی جلال جلالی نے درجنوں مردوں کی موجودگی میں غیرت کے نام پر اپنی بہن اور اس سے پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کو موت کے گھاٹ اتار دیا، غیرت کے نام پر ناصرف جوڑے کا سرعام قتل کیا گیا بلکہ اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی جو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔