لاہور میں الیکٹرک ٹرام چلنے کی تیاریاں، پہلی ٹرام لاہور پہنچ گئی

ابتدائی طور پر ٹرام کو کینال روڈ پر چلایا جائے گا ، 3 باکسز پر مشتمل ٹرام کی سمبلنگ علی ٹاون ڈپو میں کی جائیگی، پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ماڈرن ٹریک لیس اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ ہو گا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 22 جولائی 2025 15:36

لاہور میں الیکٹرک ٹرام چلنے کی تیاریاں، پہلی ٹرام لاہور پہنچ گئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور میں الیکٹرک ٹرام چلنے کی تیاریاں،پہلی الیکٹرک ٹرام لاہورپہنچ گئی، 3 باکسز پر مشتمل ٹرام کی سمبلنگ علی ٹاون ڈپو میں کی جائیگی ، ابتدائی طور پر ٹرام کو کینال روڈ پر چلایا جائے گا ، ٹرام کو پہلے مرحلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلایا جائے گا ، میٹروبس، اورنج ٹرین اور الیکٹرک بس کے بعد لاہور کی سڑکوں پر ٹرام چلتی دیکھائی دے گی۔

ایک ٹرام 3 باکسز پر مشتمل ہے جو مکمل طور پر بجلی سے چلے گی۔10 منٹ چارج کے بعد الیکٹرک ٹرام 25 سے 27 کلو میٹر چلے گی اور اس میں 250 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے۔پنجاب حکومت نے لاہور میں سپر آٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم چلانے کافیصلہ کیا ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ماڈرن ٹریک لیس اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ ہو گا۔

(جاری ہے)

جدید ٹرین منصوبے کے تحت ہائی برڈ الیکٹرک ٹرین کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک موجودہ سڑک کے دونوں اطراف چلائی جائے گی۔ منصوبے کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسے چلانے کیلئے نہ کوئی نئی لین درکار ہو گی اور نہ ہی درختوں کی کٹائی کی جائے گی۔ یہ مکمل طور پر گرین انرجی پر مبنی بجلی سے چلنے والا اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرام کو لاہور میں چلانے کا منصوبہ بنایا گیاتھا۔ایل ڈی اے کا الیکٹرک ٹرام ایلی ویٹڈ چلانے کے بجائے کینال روڈ پر چلانے کا فیصلہ کیاتھا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے الیکٹرک ٹرام چلانے کی ابتدائی تیاری شروع کر دیں تھیں۔ایل ڈی اے کا الیکٹرک ٹرام ایلی ویٹیڈ چلانے کی بجائے کینال روڈ پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک 22 کلومیٹر کے روٹ پر الیکٹرک ٹرام چلائے جائے گی۔بتایا گیا تھا کہ دوسری ٹرام سروس ٹھوکر نیاز بیگ سے سندر اور مانگا کی جانب ملتان روڈ پر ٹرام سروس چلائی جائے گی۔برآمد ہونے والی الیکٹرک بسوں کو الیکٹرک ٹرام سروس میں استعمال کیا جائے گا۔ٹرام سروس منصوبے میں کینال روڈ پر 22 بس سٹاپس بنائے جائیں گے۔ٹھوکر سے جلو تک ہر ایک کلو میٹر بعد بس سٹاپ بنایا جائے گا۔

الیکٹرک ٹرام سروس چلانے کیلئے کینال روڈ پر ایک لین کو مخصوص کیا جائے گا۔الیکٹرک ٹرام سروس کیلئے جیل روڈ انڈر پاس کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔ایل ڈی اے نے کینال روڈ پر ایلی ویٹیڈ الیکٹرم ٹرام چلانے کی بھی تجویز دی تھی۔ایلی ویٹیڈ الیکٹرک ٹرام کیلئے تخمینہ لاگت پچاس ارب روپے سے زائد تھی۔ پنجاب حکومت نے ایل ڈی اے کو تفصیلی پی سی ون بنانے کی ہدایت کی تھی۔