ملک کے مختلف علاقوں میں بدھ کی رات سے 24 جولائی کے دوران شدید بارشوں سے مقامی برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ

بدھ 23 جولائی 2025 21:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ کی رات سے 24 جولائی کے دوران شدید بارش کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر،چارسدہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، نوشہرہ، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر اور بلوچستان کے مقامی /بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے،عوام الناس کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کاخدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

شدید بارشوں /آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر/دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، پنجاب،گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ،خطہ پو ٹھو ہار، شمال مشرقی پنجاب اورکشمیر میں شدید/موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، کشمیر ، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی ۔ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔سب سے زیادہ بارش پنجاب: اٹک 133، لاہور (ایئرپورٹ 104، سٹی 67)، جہلم 94، اسلام آباد (گولڑہ 74، سیدپور 50، ایئرپورٹ 44، بوکرا 36، زیرو پوائنٹ 21)، راولپنڈی (کچہری 57، پیرودھائی 52، گوالمنڈی 36، چکلالہ 34، نیو کٹاریاں 29، شمس آباد 18)، نارووال 88، شیخوپورہ 70، منگلا 48، جوہرآباد 40، سیالکوٹ (سٹی 33، ایئرپورٹ 04)، نورپور تھل 27، مری 26، فیصل آباد، حافظ آباد 21، لیّہ 17، بھکر 16، خانیوال 15، ٹوبہ ٹیک سنگھ 16، منڈی بہائوالدین، جھنگ 11، گجرات 05، اوکاڑہ 03، گوجرانوالہ 03، چکوال 02، سرگودھا، قصور 01،خیبر پختونخوا: مردان 63، کاکول 31، سیدو شریف 13، بالاکوٹ 11، دیر (زیریں 04، بالائی 02)، مالم جبہ 04، کالام، چراٹ 04، پشاور ایئرپورٹ، باچا خان ایئرپورٹ 02،کشمیر: کوٹلی 38، مظفرآباد (سٹی 31،ایئرپورٹ 23)، گڑھی دوپٹہ 19، راولا کوٹ 10،گلگت بلتستان: بگروٹ 09، چلاس اور استور میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بدھ کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت : دالبندین 46، نوکنڈی 45 اور دادو میں 43 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔