عالمی وعلاقائی امن کیلئے پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا، مارکو روبیو کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف، مل کرکام کرنے کاعزم

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکی ہم منصب سے اہم ملاقات، ٹیکنالوجی، زراعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے امکانات سمیت انسداد دہشتگردی مکالمے کیلئے تعاون کو مؤثر بنانے پر اتفاق

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 26 جولائی 2025 10:20

عالمی وعلاقائی امن کیلئے پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا، مارکو روبیو ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی 2025)امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو کا کہنا تھا کہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا،امریکی وزیرخارجہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے واشنگٹن ڈی سی میں اہم ملاقات کی جہاں سٹیٹ ڈپارٹمنٹ پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے اسحاق ڈار کا استقبال کیا گیا۔

امریکہ نے عالمی امن میں پاکستان کے مثبت کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کا ایک مرتبہ پھر اعتراف کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبہ جات میں مضبوط اور منظم روابط استوار کرنے کے ضمن میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں کی ملاقات محکمہ خارجہ میں ہوئی اس موقع پرامریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی نائب وزیر اعظم کے ہمراہ تھے اور وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے سینئر حکام نے شرکت کی۔

تقریباً 40 منٹ تک جاری اس ملاقات کو اسحاق ڈار نے بہت اچھی میٹنگ قرار دیا۔ نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اپنی گفتگو میں کہا کہ امریکہ سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کے خواہاں ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری ٹریڈ ڈائیلاگ میں مثبت پیش رفت کے حوالے سے پر امید ہیں۔ پاکستان امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی ہے۔ امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ٹیکنالوجی، زراعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک نے آئندہ انسدادِ دہشتگردی مکالمے کیلئے تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا جبکہ دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کیلئے عملی اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اقتصادی امور، تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انسداد دہشتگردی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک امریکہ طویل البنیاد شراکت داری پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل ہے۔ علاقائی امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ بعدازاں سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد دو طرفہ تجارت بڑھانے اور کم یاب معدنیات کے شعبے میں اشتراک سے متعلق امور پر بات چیت کرنا تھا۔امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیونے اس ملاقات میں اقتصادی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری اور انسداد دہشتگردی امور میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کااظہار کیا۔ساتھ ہی انسداد دہشتگردی اور علاقائی استحکام قائم رکھنے سے متعلق پاکستان کے اقدامات پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اظہار تشکر کیا۔