مودی حکومت کا5اگست کا اقدام کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ،مقبوضہ جموں کشمیر میں پوسٹرچسپاں

اتوار 27 جولائی 2025 21:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں 5اگست 2019کو مودی حکومت کی طرف سے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ قرار دیاگیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر اوروادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں 5اگست کو کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک قرار دیا گیا۔

پوسٹروں میں خبردار کیا گیاہے کہ خصوصی حیثیت کی منسوخی سے غیر کشمیریوں کے لیے مقامی ملازمتوں، زمینوں اور وسائل پر قبضے کی راہ ہموار کی گئی ہے۔ پوسٹروں میں5اگست اور اسکے بعد کئے گئے اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے اور وہ اپنی پرامن جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ یہ حق مل نہیں جاتا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 5اگست کو مکمل ہڑتال کریں۔

ترجمان نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس دن کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کے لئے پرامن احتجاج کریں۔دریں اثنادہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعتراف کیاہے کہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں 800سے زائد بھارتی قوانین نافذ کئے گئے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان قوانین کے نفاذ کا مقصد علاقے کو زبردستی بھارت میں ضم کرنا اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔

سول سوسائٹی ارکان کا کہنا ہے کہ بھارت ان قوانین کو کشمیریوں کی شناخت مٹانے اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ان کے حق خودارادیت کودبانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے کشمیر کازکو اجاگرکرنے کی پاداش میں مجموعی طور پر 39سال جیل میں گزارے ہیں۔پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ شبیر شاہ کی طویل نظربندی سے سیاسی انتقام اور ظلم وجبر کے ذریعے سچائی کودبانے میں بھارت کی ناکامی کی عکاسی ہوتی ہے۔