بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام پر دوبارہ جعلی مقابلے شروع کردیئے، مذموم منصوبہ بے نقاب

انڈین فوج نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے میں 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور بھارتی میڈیا نے مقابلے سے پہلے ہی مارے جانے والے افراد کو دہشت گرد اور پاکستانی قرار دے دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 جولائی 2025 15:46

بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام پر دوبارہ جعلی مقابلے شروع کردیئے، مذموم ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی 2025ء ) بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام پر دوبارہ جعلی مقابلے شروع کردیئے اور اس آڑ میں مذموم منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت کی جانب سے آپریشن مہادیو کے نام سے نیا مذموم فوجی منصوبہ شروع کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں دوبارہ فیک انکاؤنٹرز کا آغاز کردیا گیا ہے، جس میں انڈین فوج نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے میں 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور بھارتی میڈیا نے مقابلے سے پہلے ہی مارے جانے والے افراد کو دہشت گرد اور پاکستانی قرار دے دیا۔

بتایا گیا ہے کہ بھارتی پارلیمنٹ میں پہلگام آپریشن پر آج سے بحث کا آغاز ہونا تھا، پارلیمنٹ میں پہلگام آپریشن پربریفنگ کے روز ہی مودی سرکار نے نیا فالس فلیگ آپریشن شروع کردیا، جس کے ساتھ ہی غیرقانونی و جبری طور پر زیر حراست پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرز میں استعمال کرنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب ہوگیا تاکہ آپریشن مہادیو کو کامیاب دکھا کر آپریشن سندور کی خفت مٹائی جاسکے، اس مقصد کیلئے حسب روایت بھارتی میڈیا کو پہلے ہی سے لاشیں، پلانٹڈ ہتھیاروں کی ویڈیوز اور تصویریں دی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن مہادیو کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کو کچلنا اور بھارت میں سیاسی ساکھ بحال کرنا ہے، تاہم ڈی جی آئی ایس پی آر پہلے ہی 29 اور 30 اپریل کو پہلے ہی پریس کانفرنسز میں بھارت کے اس نئے فالس فلیگ آپریشن کی تفصیلات بتا چکے تھے، انہوں نے بتایا تھا کہ 723 پاکستانیوں کو بھارتی جیلوں میں غیر قانونی بند رکھا گیا ہے، اور 56 ایسے پاکستانی بھی ہیں جنہیں بھارتی ایجنسیوں نےغیرقانونی و جبراً حراست میں رکھا ہوا ہے، ان 56 افراد کی تفصیلات بھی ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی 29 اور30 اپریل کوبتا چکے تھے۔