ملک کی ترقی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے، احسن اقبال

پیر 28 جولائی 2025 18:04

ملک کی ترقی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے،  احسن اقبال
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی کی کنجی ہے ، تعلیم ایک طاقتور ہتھیار ہے جس کے ذریعے اقوام ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں کراچی کنٹونمنٹ میں فیڈرل گورنمنٹ پبلک سکول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پروفیسر احسن اقبال نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کینٹ پبلک سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے زیادہ تر طلبہ کا تعلق متوسط اور نچلے متوسط طبقے سے ہے اور یہی نوجوان تعلیم حاصل کرکے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کسی قوم کی کامیابی کا راز تعلیم میں چھپا ہوا ہے، ہماری قومی شناخت ہمارا وطن ہے اور جس قوم کا کوئی وطن نہ ہو، اس کی آزادی کبھی بھی یقینی نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

غزہ میں انسانی بحران اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں ہونے والے مظالم ہماری آنکھوں میں خون کے آنسو لے آتے ہیں۔قومی دفاع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کے حملے ناکام بنائے اور آپریشن 'بنیان مرصوص' میں بھارت کو دن میں تارے دکھا دیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، جو ایک وقت میں محدود وسائل کے ساتھ جدوجہد کر رہا تھا، آج دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے ، جس طرح ہم نے میدان جنگ میں بھارت کو شکست دی اسی طرح معیشت کے میدان میں بھی پاکستانی پرچم بلند کریں گے۔اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرا تعلق نہ جاگیردار طبقے سے ہے اور نہ سرمایہ دار طبقے سے، آج میں وفاقی کابینہ میں اس لیے بیٹھا ہوں کہ میں نے تعلیم حاصل کی ۔

طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے انہیں محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ وہ بھی مستقبل میں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔قبل ازیں اسکول آمد پر وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اسکول انتظامیہ نے انہیں ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں اور ترقی سے متعلق بریفنگ بھی دی۔