بغض شہبازشریف اور اسحاق ڈار میں مفتاح اسماعیل نے وقار اور شائستگی کا دامن چھوڑدیا ،شاہ محمد شاہ

مفتاح اسماعیل کی سیاست کا محور شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے خلاف نفرت ،حسد ،بغض اور کینہ ہے ،سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن)

منگل 29 جولائی 2025 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ بغض شہبازشریف اور اسحاق ڈار میں مفتاح اسماعیل نے وقار اور شائستگی کا دامن چھوڑدیاہے ۔مفتاح اسماعیل کو شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کے باوقار انداز سے سیکھنا چاہیے ۔مفتاح اسماعیل کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمد شاہ نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی سیاست کا محور شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے خلاف نفرت ،حسد ،بغض اور کینہ ہے۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل کو شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کے باوقار انداز سے سیکھنا چاہیے۔مفتاح اسماعیل اپنے آپ کو عقل کل سمجھتے ہیں اس لیے حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث جلن کا شکار ہیں ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی رہنمائی اور شہباز شریف کی انتھک محنت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچاکر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ،سفارتی اور سلامتی کے حوالے سے مضبوط اور مستحکم ہے۔شاہ محمد شاہ نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)چھوڑنے کے اپنے فیصلے پر شدید پچھتاوے کا شکار ہیں اور بے بنیاد الزامات لگاکر اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں ۔