کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،سردارعتیق احمد

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی ظلم پر مہر تصدیق ثبت کر رہی ہے،سابق وزیراعظم

جمعرات 31 جولائی 2025 16:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہاہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی اس ظلم پر مہر تصدیق ثبت کر رہی ہے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدرو سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، تحریک آزادی کشمیر، پاک فوج کے کردار اور بھارت کی جانب سے جاری پروپیگنڈے پر تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور عالمی برادری کی خاموشی اس ظلم پر مہر تصدیق ثبت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے واضح کیا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمے کے بعد کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا نیا باب کھول دیا گیا ہے، لیکن کشمیریوں کے حوصلے کمزور نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نوجوان کشمیری جانوں کا نذرانہ دے کر جدوجہد آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مسلم کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی پشت پر کھڑی ہے اور آزادی کشمیر کی جدوجہد ہر محاذ پر جاری رکھی جائے گی۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔سردار عتیق احمد خان نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والی پاک فوج نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

افواجِ پاکستان نے سرحدوں پر جس جرات، استقامت اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ ہندوستان ایک طرف دنیا کو سب سے بڑی جمہوریت کا تاثر دیتا ہے، دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت سے مظلوموں کی آواز دبانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔