بھارت جنگی جنون ترک پاکستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات کرے، سردار مسعود خان

جمعہ 1 اگست 2025 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) آزاد کشمیر کے سابق صدر اور سینئر سفارت کار سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کو جنگی بیانات اور جارحانہ رویہ ترک کر کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے، تاکہ مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سمیت دیگر اہم تنازعات پر بامعنی بات چیت ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے نشے میں چور ہو کر پاکستان کے خلاف جو جارحیت کی تھی، اسے نہ صرف میدان جنگ میں شکست سے دو چار ہونا پڑا بلکہ عالمی سطح پر بھی اسے شرمندگی اور جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے آئندہ ایسی کوئی مہم جوئی کی تو اسے پاکستان کی طرف سے پہلے سے زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔سردار مسعود خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت جھوٹے بیانیے تخلیق کر کے انہیں میڈیا کے ذریعے پھیلانے کی کوشش کرتی ہے، لیکن اب بین الاقوامی ذرائع ابلاغ ان جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کی جنگ کے بعد بھی بھارت کے حکمرانوں کے دلوں میں پاکستان کے خلاف انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی۔ موجودہ بی جے پی حکومت جنگی ماحول برقرار رکھ کر سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے، حالانکہ بھارت کو اس جنگ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔راج ناتھ سنگھ کے اس دعوے پر کہ بھارت نے جنگ کسی بیرونی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ اپنے مقاصد حاصل کرنے کے بعد ختم کی، سردار مسعود خان نے سوال اٹھایا کہ اگر بھارت نے واقعی اپنے مقاصد حاصل کر لیے تھے تو پھر اسے جنگ میں شکست کیوں ہوئی اور یہ مقاصد کیا تھی بین الاقوامی برادری اور خود بھارتی اپوزیشن نے بھی حکومت کے ان دعوؤں کو تسلیم نہیں کیا۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ بھارت میں حکومتیں اپنی آئینی مدت مکمل کرتی ہیں، لیکن موجودہ حکومت کے جنگی جنون کے باعث خطرہ ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کوئی انتہائی قدم نہ اٹھا لے۔سردار مسعود خان نے بھارتی کانگریس کے رہنما پی چدم برم کے پارلیمنٹ میں دیے گئے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چدم برم کا یہ کہنا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان کے خلاف کوئی واضح ثبوت فراہم کیے بغیر حملہ کیا گیا، بھارتی اور عالمی رائے عامہ کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

اس کے برعکس راج ناتھ سنگھ کا بیان محض حقیقت چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ بھارت کو حالیہ جنگ میں شکست ہوئی اور اس کی تمام عسکری و سیاسی حکمت عملیاں ناکام ہوئیں۔ تاریخ میں پہلی بار بھارتی افواج نے بھی اپنی حکومت کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے واضح اشارے دیے کہ اس جنگ میں پاکستان کو برتری حاصل رہی۔