صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کی زیر صدارت جشن آزادی اور معرکہ حق پرجوش انداز میں منانے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 1 اگست 2025 22:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت شہباز ھال حیدرآباد میں جشن آزادی اور معرکہ حق پرجوش انداز میں منانے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے معرکہ حق کے زیر عنوان جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کو پاکستان کی جانب سے جو منہ توڑ جواب دیا گیا اس سے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، اس لئے ہم سب ملکر جشن آزادی کے ساتھ معرکہ حق بھی انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی خوشیاں منانے کے لئے تمام سرکاری ادارے اپنی جانب سے بھی پروگرامز کا انعقاد کریں اور آپس میں قریبی رابطے قائم رکھیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ جشن آزادی کی مناسبت سے 8 اگست کو رانی باغ میں گرینڈ میوزیکل اور ملی نغموں کے پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں راحت فتح علی خان، صنم ماروی، کیفی خلیل سمیت نامور گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے 10 اگست کو سکھر اور 13 اگست کو کراچی میں بھی اس قسم کے پروگرام کئے جائیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزارت سنبھالنے سے قبل جو بھی بجٹ استعمال ہوئی ہے اس کی انکوائری کروائی جائے گی۔ اس موقع پر میئر حیدرآباد کاشف شورو، ایم این اے طارق شاہ جاموٹ، پیپلز پارٹی رہنما عاجز دھامراہ، کمشنر حیدرآباد، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔