حکومت شجر کاری کے فروغ اور پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانےکیلئے پُرعزم ہے،وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک

پیر 4 اگست 2025 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت شجر کاری کے فروغ اور پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کے لیے پُرعزم ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے،ہم اُس بحران کی قیمت چکا رہے ہیں جو دوسروں نے پیدا کیا ہے،انہوں نے شدید موسمی حالات، سیلاب اور پانی کی قلت جیسے بڑھتے ہوئے چیلنجز کی نشاندہی بھی کی۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے ترقی یافتہ ممالک پر دوہرامعیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ماحولیاتی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کر رہے ہیں،اگر وہ تباہی پھیلا رہے ہیں تو اُن پر لازم ہے کہ وہ گرین فنڈنگ میں منصفانہ حصہ بھی ڈالیں۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے پانی کو ہتھیارکے طور پر استعمال کرنے کے خطرناک رجحان سے خبردار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بالائی ممالک نچلی سطح کے ممالک کو پانی دینا بند کر دیں تو دنیا کے 70 فیصد سے زائد ممالک جو نچلی سطح پر واقع ہیں اپنے پانی کے حق سے محروم ہو سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن کا داعی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی موجودہ حکومت کی ہندوتوا پر مبنی اور عسکریت پسندانہ سوچ کے مخالف ہیں، بھارتی عوام کے نہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار ترقی کے لیے امن اور ماحولیاتی تعاون کلیدی ستون ہیں۔